اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈہیومنٹیز کی فیکلٹی بورڈ کا اجلاس منگل کے روز ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں مختلف شعبہ جات کے پوسٹ گریجویٹ، بی ایس،ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کی سکیم آف سٹڈیز کے علاوہ دیگر متعلقہ تدریسی و نصابی امور کی مظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیکلٹی کے تمام اساتذہ نے شرکت کی جبکہ بیرونی ممبران میں پروفیسر ڈاکٹر سلمان باسط شامل تھے۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی ہدایات کی روشنی میں معیاری تعلیم پر خصوصی توجہ ہوگی،تمام پروگرامز کو ایچ ای سی کی ہدایات کے مطابق عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی ہدایت کی روشنی میں فہم القرآن اور سیرتِ طیبہ کو تمام تدریسی پروگراموں میں شامل کر دیا گیا ہے اور اگلے مرحلے میں آئین اور نظریہ پاکستان کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ بی ایس پولیٹکل سائنس اور انٹرنیشنل ریلیشنز کے پروگرامز کو حتمی شکل دے کرجلد از جلد اگلے داخلوں میں پیش کیا جائے۔واضح رہے کہ فیکلٹی بورڈ کے تمام فیصلوں کی منظوری اکیڈمک کونسل اور ایگزیکٹو کونسل کے آئندہ اجلاس سے لی جائے گی۔دوسری جانب ”انسانیت کے پائیدار مستقبل کے لئے عالمی امن پر اسلامی فکر”پرایک روزہ بین الاقوامی سیمینار منعقد ہوا، صدر، انٹرنیشنل قرآن ریسیرچ ایسوسی ایشن (اقرا)، امریکہ، ڈاکٹر سیفی کسکس کلیدی مقرر تھےجبکہ صدارت ڈین کلیہ عربی و علوم اسلامی پروفیسر ڈاکٹر شاہ محی الدین ہاشمی نے کی۔ ڈاکٹر سیفی کسکس کا کہنا تھا کہ اسلام کا اصل مقصد دنیا میں امن اور رواداری کی فضا قائم کرنا ہے۔ اسلام اور مسلمان کی شناخت پر دوبارہ سوچنے کی ضرورت ہے۔ اسلام کی خدمت صرف علماء یا محققین کی ذمہ داری نہیں، امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا حل متحد کاوشوں کے ذریعے ممکن ہے۔ اسلام کی روح کو سمجھنے کیلئے قرآن کا ہر لفظ غور سے پڑھنے اور سمجھنے کی ضرورت ہے۔