اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے مابین گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات ہوئی۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبہ جات، سینیٹ میں قانون سازی، گورنر سندھ کے فلاحی اقدامات، آئی ٹی کورسز سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے گورنر سندھ کے ہمراہ آئی ٹی مارکی کا دورہ کیا جہاں پر طلباء نے چیئرمین سینیٹ اور گورنر سندھ کا پرتباک استقبال کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ آئی ٹی کورسز نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ثابت ہوں گےاس کا دائرہ کار حیدرآباد، سکھر اور دیگر اضلاع تک بڑھایا جائیگا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ گورنر سندھ کے یہ اقدامات مثالی ہیں جس سے اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں اضافہ ہوگا اور آئی ٹی کورسز نوجوانوں کے لئے گیم چینجر ثابت ہوں گے۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خانوادے کا سب سے بڑا کام پیشہ تعلیم تھا اور تعلیم کے ساتھ ساتھ تبلیغ کا تھا کیونکہ ہمارا سلسلہ غوث الا عظم شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ سے جڑا ہوا ہے۔سیاست کو عوامی خدمت کے لئے جوائن کیا۔یونائیٹڈ انڈیا میں جب مسلمانوں کے لئے تعلیم کی سہولت نہیں تھیں تو میرے بزرگوں نے انجمن اسلامیہ ملتان کی بنیاد 1838 میں رکھی۔ انہوں نے متعدد ہائی سکول بھی بنائے جن میں اسلامیہ ہائی سکول حرم گیٹ، اسلامیہ ہائی سکول دولت گیٹ و دیگر سکولز کے علاوہ علمدار حسین ڈگری کالج بنایا۔انہوں نے کہا کہ میرے تایا کے نام سے بھی ڈگری کالج بنایا اور میرے والد نے گیلانی لاء کالج اور نشتر ہسپتال بنوائے تھے۔ تعلیم کے شعبے میں میرے خاندان کی بے شمار خدمات ہیں۔ گیلانی لاء کالج میں اعلیٰ تعلیم کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں یہ بات انتہائی اہم ہے کہ تعلیم ولیوں کے حصے کا کام رہاہے اوریہ اقدام بہت اچھا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میرے لئے یہ خوشی کی بات ہےکہ ہمارے پیارے وطن کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے،دنیا میں ایسے ممالک بہت کم ہوں گے جن کو یہ قیمتی اثاثہ میسر ہوگا، ہمارے نوجوان مستقبل کے لیڈرہیں اور ملک کی باگ ڈور انہوں نے سنبھالنی ہے،دنیا اس وقت گلوبل ویلج بن چکی ہے جس میں آئی ٹی کے شعبے کو نمایاں حیثیت حاصل ہے اس لئے ہماری کوشش ہے کہ آئی ٹی کمپیوٹر اور دوسرے شعبہ جات میں زیادہ سے زیاد تربیت فراہم کی جائے۔ آئی ٹی کی تربیت سے نوجوان ملک اثاثہ ثابت ہونگے اور ان کا ذریعہ معاش بھی بہتر ہوگا۔ہمیں مل کر دنیا کامقابلہ کرنا ہے اوراپنی صلاحیتوں کے ساتھ ملک کے مسائل کو حل کے ساتھ ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ پوری توجہ کے ساتھ محنت کریں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گورنر سندھ نے خصوصی اقدام کے تحت ایک گورنر ہاؤس سندھ میں آئی ٹی مارکی قائم کی ہے جس میں تقریباً پچاس نوجوان تین شفٹوں میں آئی ٹی کے ڈپلومے کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ ساڑھے چار لاکھ کے قریب طلباء آن لائن زیر تربیت ہیں۔ یہ تمام تر سہولیات اور کورسز مفت فراہم کئے جار ہے ہیں۔ تاکہ نوجوان نسل کو آئی ٹی کے شبعے میں ہنر مند بنایا جا سکے اور وہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔