اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے ملک میں تر قی کے حصول کے لئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کی ہمہ گیر ترقی کو باہمی تعاون کے ذریعے حاصل کیا جانا چاہئے، حکومت نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان اور چین کی حکومت کی جانب سے پاکستان میں پی پی ایز سے متعلقہ مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے منصوبے کی کامیاب تکمیل پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خا ن نے پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی کوششوں پر حکومت چین، یو این ڈی پی اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کی حمایت کو سراہا۔انہوں نے نوجوانوں کے روزگار اور انہیں برسرروزگار بنانے میں سرمایہ کاری کرنے کی حکومت کی ترجیح پر روشنی ڈالی اور اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے پروجیکٹ کے تعاون کا اعتراف کیا،اس پراجیکٹ کے تحت جدید آلات سے لیس مشترکہ سہولت مراکز (سی ایف سیز) قائم کئے، جو نوجوان انٹر پرینیورز اور ایس ایم ایزکی مہارتوں کو بڑھانے کے لئے تربیتی مرکز کے طور پر کام کر رہے ہیں توقع ہے کہ اس اقدام سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے، روزگار میں بہتری آئے گی اور خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرنے کے لئے پرعزم ہے اور اس منصوبہ کے تحت چین کی حکومت اور یو این ڈی پی کی طرف سے ہمارے اہداف کو حاصل کرنے میں ہماری مدد کرنا انہیں بااختیار بنانے کی ہماری کوششوں کی ایک روشن مثال ہے۔انہوں نے دوستی اور سٹریٹجک پارٹنرشپ کے 73 سال مکمل ہونے پر پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط رشتے کا بھی اعتراف کیا۔ انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو ایک اہم اقدام قرار دیتے ہوئے غربت کے خاتمے، نوجوانوں کے روزگار اور ایس ایم ای کی ترقی میں چین کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔تقریب میں عوامی جمہوریہ چین سے اقتصادی تجارتی امور کے قونصلر یانگ گوانگ یوان، یو این ڈی پی کی پاکستان میں ڈپٹی ریذیڈنٹ نمائندہ وان گیوین، حکومتی نمائندوں، پراجیکٹ پارٹنرز اور دیگر معززین نے شرکت کی۔