پاکستان میں فٹ بال کے لئے ٹیلنٹ اور جذبے کی کوئی کمی نہیں ہے، ہمیں پیشہ وارانہ کوچنگ کی ضرورت ہے، سید یوسف رضا گیلانی

اے پی پی  |  Jun 03, 2024

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضاگیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں فٹ بال کے لئے ٹیلنٹ اور جذبے کی کوئی کمی نہیں ہے، عالمی معیار کے کھلاڑی پیدا کرنے کیلئے ہمیں پیشہ وارانہ کوچنگ کی ضرورت ہے۔ پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے ورلڈ فٹ بال وفد اور پاکستان فٹ بال لیگ (یوکے) کے اعزاز میں پارلیمنٹ ہائوس میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں فٹ بال کے نامور بین الاقوامی کھلاڑی اور ماہرین سمیت فرنچائز مالکان شامل تھے جس کی قیادت چیئرمین پاکستان فٹ بال لیگ برطانیہ فرحان احمد جونیجو کر رہے تھے۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ تمام معزز مہمانوں کو پارلیمنٹ ہاوئس میں خوش آمدید کہتا ہوں ، بین الاقوامی فٹ بالرز، ماہرین، منیجرز اور منتظمین پر مشتمل وفد کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد میرے لئے باعث مسرت ہے ، چیئرمین پاکستان فٹ بال لیگ (یوکے) فرحان احمد جونیجو، سی ای او پاکستان فٹ بال لیگ (یوکے) احمر کنور اور پی ایف ایل (یوکے) کے دیگر نمائندوں کی یہاں موجودگی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ نامور بین الاقوامی فٹ بالرز اور پی ایف ایل کے نمائندوں کی یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں موجودگی فٹ بال کیلئے ہمارے مشترکہ جذبے کی مظہر ہے، فٹ بال عام کھیل نہیں بلکہ ایک پل ہے جو سرحدوں، ثقافتوں کو جوڑتا ہے اور لاکھوں لوگوں کے دلوں کے جذبات سے وابستہ ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان میں فٹ بال کے لئے ٹیلنٹ اور جذبے کی کوئی کمی نہیں ہے، عالمی معیار کے کھلاڑی پیدا کرنے کیلئے ہمیں پیشہ وارانہ کوچنگ کی ضرورت ہے، ہمیں عالمی معیار کے کھلاڑی پیدا کرنے اور پاکستان کو بین الاقوامی فٹ بال کے نقشے پر لانے کیلئے پیشہ وارانہ کوچنگ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان میں اس شاندار کھیل کا روشن مستقبل ہے، پاکستان کی 60فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں،مواقع میسر کئے جائیں تو ہمارے نوجوان ہر میدان میں اپنا لوہا منوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف ایل (یوکے) پاکستان میں بین الاقوامی فٹ بال کو فروغ دینے میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے، پی ایف ایل (یوکے) کی انتظامیہ کو پاکستان میں فٹ بال کو فروغ دینے میں ان کی انتھک کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہم مل کر کھیلوں کو فروغ دے کر معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں ، خود فٹ بال کے شوقین ہونے کے ناطے میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان میں فٹ بال کی جدید ترین سہولیات کو فروغ دینے اور مقامی ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کیلئے اپنی بھرپور کوشش کروں گا، آئیے ہم ایک روشن مستقبل بنانے کے لئے مل کر کام کریں جہاں ہر بچے کو فٹ بال کے میدان میں اپنے خوابوں کی تکمیل کا موقع ملے ۔ برطانوی فٹ بالر مائیکل اووین نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا شکریہ ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بلاشبہ ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ، پاکستانی عوام میں کھیلوں کا جذبہ قابل تعریف ہے۔ چیئرمین پاکستان فٹ بال لیگ برطانیہ فرحان جونیجو نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے سب بڑے وفد میں بین الاقوامی فٹ بال کے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا اقدام ہے ، دنیا کے دس کلبز پاکستان آئے ہیں ، فٹ بال کے کھیل کو فروغ ملے گا ، دس ٹیمیں لانچ ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملتان ، پشاور ، لاہور ، اسلام آباد ، کراچی ، سیالکوٹ اور دیگر ٹیموں کا اجرا ءہوگا ، مقصد ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More