ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن سے شفافیت اوروصولیوں میں اضافہ ہوگا، وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب

اے پی پی  |  Jun 03, 2024

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن سے شفافیت اور وصولیوں میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں بل اینڈ میلینڈاگیٹس فائونڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر جیسن لیمب سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر وزیر مملکت علی پرویز ملک، ایف بی آرکے ممبر اصلاحات اور کار انداز پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے بل اینڈ میلینڈا گیٹس فائونڈیشن کی جانب سے ایف بی آر کی جاری ڈیجیٹلائزیشن کے لیے میکینیزی اینڈ کو کو شامل کرنے میں تعاون کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان میں ای گورننس کی صلاحیت اور استعداد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن ٹیکس وصولی کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے جس سے شفافیت اور آمدنی میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے موجودہ ڈیٹا کو ٹیکس کے مقاصد کے لیے موثر طریقے سے استعمال کرنے کے لیے ضروری اصلاحات کا بھی ذکر کیا۔ وزیر مملکت علی پرویز ملک نے ملک میں فوری ادائیگی کے نظام راست کے نفاذ کے چیلنجوں اور اس کی فعالیت کو بہتر بنانے کے طریقوں کاجائزہ پیش کیا۔ اجلاس کے شرکاء نے اہداف کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More