اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن کرنے والوں کو پکڑنا چاہیے، پاکستان جلد اپنے پائوں پر کھڑا ہو گااور آئی ایم ایف کو خیرباد کہیں گے ، حکومت کی بہتر جامع معاشی حکمت عملی کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے اور مہنگائی میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ پیر کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ضمیر اور نیت صاف ہوتو ملک کےلئے کام کرنے والوں کا راستہ نہیں روکا جا سکتا،ملک میں کرپشن کرنے والوں کو پکڑنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے پیسے لے کر بجٹ بنانا ہماری مجبوری ہے ،2016میں بھی آئی ایم ایف پروگرام سے باہر آئے تھےاب بھی جلد پاکستان اپنے پائوں پر کھڑا ہو گااور آئی ایم ایف کو خیرباد کہیں گے ،پاکستان خوشحالی کے سفر کا جلدآغاز کرے گا۔انہوں نے کہا کہ نیب کرپشن کرنے والوں پر ہاتھ ڈالے لیکن کسی سیاسی جماعت کے خلاف کارروائی سے گریز کرے۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ مئی 2024 کے دوران 47 برسوں کے بعد پہلی دفعہ اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں سب سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے، کنزیومر پرائس انڈکس 29 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ شماریات کی رپورٹ میں نمایاں کمی کے اعداد و شمار دیکھے جا سکتے ہیں، اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں کمی سے عوام کے مسائل کم ہوں گے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سربراہی میں عوامی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں۔