میرپورخاص میں 56ویں قومی آموں کی نمائش کا اختتام ، انعامات دیئے گئے

اے پی پی  |  Jun 03, 2024

نمائندہ۔ 03 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ آم ایک منفرد پھل ہے اورام میرپورخاص کی پہچان ہے جس کی وجہ سے میرپورخاص دنیا بھر میں مشہور ہے۔ صوبائی وزیر ثقافت نے کہا کہ میرپورخاص ایک زرعی خطہ ہے جس میں مختلف اقسام کی زرعی اجناس پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے اس لیے زراعت میں جدید تحقیق بالخصوص آم کی پیداوار میں جدت لانے کی ضرورت ہے۔ زراعت کے شعبے سے متعلق مسائل کے حل اور کاشتکاروں کی بہتری اور خوشحالی کے لیے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ زراعت کا تعلق ثقافت سے بھی ہے، اس لیے سندھ کی ثقافت کو دنیا میں فروغ دینے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ایک منصوبہ بنایا جا رہا ہے، جس سے سندھ کی ثقافت کو محفوظ بنایا جا سکے گا۔ اور کہا کہ بہت جلد تھرپارکر میں لاہوتی فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کمشنر میرپورخاص کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میرپورخاص کے قدیم مقام کاہو دڑا کی زمین پر بسنے والوں کو متبادل جگہ دینے کا منصوبہ بنایا جائے تاکہ میرپورخاص کے تاریخی ورثے کو محفوظ رکھا جاسکے۔ اس سے قبل چیئرمین ضلع کونسل میر انور تالپر کا کہنا تھا کہ میرپورخاص میں پانی کی کمی کے باعث زراعت اور زمینداروں کو مشکلات کا سامنا ہے، اس لیے پانی کا مسئلہ حل کرنے کی ضرورت ہے۔

اختتامی تقریب میں ڈویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی، چیئرمین مینگو فیسٹیول مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین عارف خان بھرگڑی، حاجی محمد عمر بگھیو، میئر عبدالرؤف غوری، ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن ریٹائرڈ اسد علی چوہدری، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان، ذوالفقار کاچھیلو ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ایگریکلچر نور محمد بلوچ اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرپورخاص آم کی نمائش کو اب ایک قومی تہوار کے طور پر جانا جاتا ہے کیونکہ اس نمائش کا مقصد نہ صرف آم کی اقسام کو متعارف کرانا ہے بلکہ ان کی پیداوار اور برآمد میں اضافہ کرنا ہے۔

فیسٹیول میں اے کیٹیگری ڈائمنڈمیں پہلی پوزیشن نواز آباد فارم کے چوہدری سلیم دوسری پوزیشن میر منصور علی ٹالپر، تیسری پوزیشن حاجی محمد علی درس، بی کیٹیگری (پلاٹینم) پہلی پوزیشن رئیس ارشاد علی بھرگڑی، دوسری پوزیشن اللہ بچایو راجڑ، تیسری پوزیشن طحہٰ مقبول میمن، سی کیٹیگری (سلور) پہلی پوزیشن قربان علی لاشاری، دوسری پوزیشن الٰہی بخش اور تیسری پوزیشن عرفان بھرگڑی نے حاصل کی۔

آم کی نمائش میں مینگو فیسٹیول مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین عارف خان بھرگڑی نے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 50 ہزار، دوسری پوزیشن کو 30 ہزار اور تیسرے نمبر پر آنے والے کو 20 ہزار کا نقد انعام اپنے والد کے نام سے دئے اختتامی تقریب سے قبل صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے ضلع کونسل کے چیئرمین میر انور علی ٹالپر کے ہمراہ نمائش میں آموں کی مختلف اقسام اور ثقافتی سٹالز کا معائنہ کیا اور اپنی گہری دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More