بلوچستان کے14 اضلاع میں انسداد پولیو کی مہم شروع

اے پی پی  |  Jun 03, 2024

کوئٹہ۔ 03 جون (اے پی پی):ایمر جنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوارڈینٹر سید زاہد شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے14 اضلاع میں انسداد پولیو کی مہم بروز پیر3 جون سے شروع ہو گئی ہے تمام والدین سے اپیل کی کہ صوبے میں پولیو کیس کی موجودگی کی وجہ سے والدین اس خصوصی مہم میں پولیو ٹیم کے ساتھ اپنے تعاون کو یقینی بنائیں ۔

سید زاہد شاہ نے کہا کہ ہیٹ ویو کے باعث چھ اضلاع میں مہم 8 جون سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،مہم کے دوران 20 اضلاع میں مجموعی طور پر 18لاکھ84ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے،پولیو مہم کے دوران7 ہزار636کے قریب ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں 5ہزار933 موبائل ٹیمیں،519فکسڈسائٹ او ر429ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیو مہم کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتےہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کی مہم 3 جون سے بلوچستان کے اضلاع،کوئٹہ، پشین،قلعہ عبداللہ،چمن،حب، چاغی، دکی،لسبیلہ، خضدار، ژوب، نوشکی، قلعہ سیف اللہ، لورالائی اور مستونگ میں شروع کی جارہی ہے۔ جبکہ شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی پیشگوئی کے تناظر میں نصیرآباد، سبی،جعفرآباد، اوستہ محمد، ڈیرہ بگٹی اورصحبت پور میں 8 جون سے مہم شروع ہوگی انہوں نے کہا ہے کہ مہم کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

انہوں کہا کہ سول سوسائٹی، اساتذہ اور علماء کرام خصوصی طور پر اس خصوصی مہم میں اپنے تعاون کو یقینی بنائیں۔واضح رہے کہ بلوچستان میں تین سال کے بعد پولیوکے 3کیسز چمن، ڈیرہ بگٹیاو ر قلعہ عبداللہ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز نے ہرطرح کے سخت ترین موسمی حالات کے باوجود قومی فریضہ کی ادائیگی میں اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھائے ہیں، معمول کے حفاظتی ٹیکہ جاتی نظام کو بھی مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More