فیصل آباد۔ 02 جون (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکو انجینئر محمد عامرنے کہا ہے کہ ریجن میں بجلی کی طلب و رسدمتوازن ہونے اور فیسکو کے تمام 1306فیڈرزاے کیٹگری میں شامل ہونے کے باعث کہیں بھی لوڈمینجمنٹ نہیں کی جا رہی اوریجن کے آٹھوں اضلاع میں 53لاکھ صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز فیسکو ریجن کے صرف 5 فیڈرز پر بجلی کی سپلائی تکنیکی وجوہات کی بنا ء پر متاثر ہوئی جن میں چارفیڈرز فتح خان،پیراڈائز،رسول پارک اورکوٹ احمد یارپر ایک گھنٹہ سے کم دورانیے کےلئے بجلی بند رہی جبکہ سخی سلمان فیڈرپرایک سے تین گھنٹے کےلئے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی جسے فالٹ کلئیرنس کے بعد بحال کردیا گیا ۔محمد عامر کا کہنا تھا کہ فیسکو کے تمام فیڈرز کیٹگری ون میں آتے ہیں جو کہ لوڈ شیڈنگ سے مکمل طور پرمستشنیٰ ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ ہیٹ ویوو کے پیش نظرفیسکو ریجن میں تمام مرمتی کاموں کے پرمٹ کینسل کردیے ہیں تاکہ اس گرم موسم میں صارفین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ان کا کہنا تھا کہ صارفین کی انفرادی شکایات کا بھی ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیاجارہا ہے تاہم صارفین کسی فالٹ کی صورت میں فیسکو کی موبائل ایپلیکیشن “فیسکو لائیٹ”کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں ۔علاوہ ازیں صارفین اپنے بجلی بلوں پر موجودسب ڈویژنل دفاترکے نمبر،ہیلپ لائن 118 پر کال اور 8118 پر میسج کے ذریعے بھی اپنی شکایات کااندراج کراسکتے ہیں۔