سفیر آمنہ بلوچ کی آذربائیجان کے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے سلسلہ میں’’سوکووشن منی فٹ بال ٹورنامنٹ‘‘میں شرکت

اے پی پی  |  Jun 01, 2024

برسلز۔1جون (اے پی پی):برسلز میں آذربائیجان کے سفارت خانے نے آذربائیجان کے یوم جمہوریہ کو منانے کے لیے سوکووشن منی فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا۔یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے اس تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جن کا آذربائیجان کے سفیر وقف صادقوف نے پرتپاک استقبال کیا۔

آمنہ بلوچ نے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو ان کی نمایاں کامیابیوں، ثقافتی ورثے پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی جو باہمی احترام اور مشترکہ اقدار کے اصولوں پر قائم ہیں۔

انہوں نے اتحاد اور دوستی کو فروغ دینے اور کھیلوں کی سفارت کاری کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ٹورنامنٹ کی تعریف کی۔ بیلجیئم میں پاکستانی سفارت خانہ کے آفیسرز اور اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔آمنہ بلوچ نے ٹورنامنٹ میں تمام شریک ٹیموں کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دوستی اور اتحاد کے عمل کو جاری رہنے کی امید ظاہر کی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More