لاہور۔1جون (اے پی پی):وزیر اطلاوعات و نشریات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک پہنچائے جارہے ہیں، پاکستان کیخلاف ہونے والی ہر سازش میں بانی پی ٹی آئی کا نام آتا ہے، اداروں کیخلاف منظم طریقے سے سازش کی جارہی ہے،بانی پی ٹی آئی ملک میں فساد چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کے دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے دن رات کوشاں ہے،پیاز سمیت سبزیوں کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے جبکہ آٹے کی قیمتوں میں غریب آدمی کو کافی ریلیف دیا گیا ہے،بیکری کی اشیا کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے جس میں ڈبل روٹی کی قیمت نیچے آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک پہنچائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے ۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب دن رات عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے کام کررہی ہیں جبکہ فتنہ فساد پارٹی ملک میں مہنگائی میں کمی پر بھی واویلہ کررہی ہے،خواتین وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکو دعائیں دے رہی ہیں کہ ان کی کاوشوں سے نا صرف ہماری ضروریات زندگی کی اشیا کی قیمتوں میں کمی ہورہی ہے بلکہ کچن کے اخراجات بھی کم ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہرضلع کے ڈپٹی کمشنر کو 11ٹاسک دیئے گئے ہیں، ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کو جانچنے کیلئے ایک بڑا میکنزم بنادیا گیا ہے ،تمام ڈپٹی کمشنرز کی اے سی آر ان کی کارکردگی سے مشروط کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک مخصوص جماعت کی جانب سے ڈیجیٹل دہشتگردی کی جارہی ہے اور اداروں کیخلاف منظم طریقے سے سازش کی جارہی ہے، پی ٹی آئی کے زہریلے مضامین دنیا بھر میں شائع کئے جارہے ہیں، بانی پی ٹی آئی قوم کے بچوں کو منفی درس دے رہے ہیں، سابق چیئر مین پی ٹی آئی ایک فتنہ ہیں اور ملک میں افرا تفری پھیلانا ان کی فطرت ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں کہ ان کو این آر او دے دیا جائے تو ملک میں سارے معاملات ٹھیک ہوجائیں گے،قوم کو اب سمجھنا ہوگا کہ بانی پی ٹی آئی کس طرح ملک کیخلاف سازش کررہے ہیں، پاکستان کیخلاف ہونے والی ہر سازش میں بانی پی ٹی آئی کا نام آتا ہے وہ ملک میں فساد چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو فارن فنڈنگ ، 190ملین پائونڈز،القادر ٹرسٹ اور توشہ خانہ کیس کے بارے میں بتایا جائے تاکہ پاکستان کی عوام کو پتا چل سکے کہ بانی پی ٹی آئی ملک کے ساتھ کتنا مخلص ہیں ،پی ٹی آئی ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کو روکنے کیلئے سازش کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سقوط ڈھاکہ پر ہمارا دل دکھتا ہے، حمود الرحمن رپورٹ پر بھی پراپیگنڈا کیا جارہا ہے، پاکستان کے ٹکڑے کرنے کی اب کسی کو سازش نہیں کرنے دی جائے گی، شیخ مجیب الرحمن کو اب پی ٹی آئی والے اپنا آئیڈیل بنارہے ہیں، اگر پی ٹی آئی والے چاہتے ہیں کہ پاکستان کے ماضی کے معاملات کو چھیڑا جائے تو پھرحمود الرحمن رپورٹ پرکمیشن بننا چاہئے اور بانی پی ٹی آئی کے معاملات کو بھی ماضی سے دیکھنا چاہیے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو ۔ 9 مئی کے ملزموں کو سزا دینے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب تک ملٹری کورٹس کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے اس وقت تک 9مئی کے معاملات کا کیس آگے نہیں بڑھ سکتا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حمود الرحمن رپورٹ پر کمیشن بنایا جائے تاکہ بانی پی ٹی آئی کی پاکستان کیخلاف ان سازشوں کا پتا چل سکے کہ وہ آخر چاہتے کیا ہیں، وہ ملک میں سیاست کرنا چاہتے ہیں یا ان کا کوئی اور ایجنڈا ہے،پاکستان میں چنگاری لگا کر آگ پیدا کرنا بہت آسان ہے لیکن ملک کی معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنا اور عوام کو ریلیف دینا بہت مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی خدمت کیلئے پی ٹی آئی کے پاس کوئی کام نہیں اس لیے وہ صرف افراتفری پھیلا سکتے ہیں اور ملک میں انتشار کی سیاست کو ہی فروغ دے سکتے ہیں۔عید الضحیٰ کے موقع پر الائشیں اٹھانے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جس طرح ماضی میں خادم اعلیٰ پنجاب کے دور میں ایل ڈبلیو ایم سی متحرک تھی اور 2گھنٹے میں الائشیں اٹھالی جاتی تھیں ۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق اسی پروگرام کو جاری و ساری رکھا جائیگا۔