صحت کی بہترین معیاری اور سستی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے،تعلیم و صحت کے شعبوں میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خدمات لائق تحسین ہیں، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار

اے پی پی  |  Jun 01, 2024

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت صحت کے شعبہ سے متعلق جامع اقدامات کر رہی ہے، میڈیکل سائنس میں جدید رجحانات کو اپنا کر خود کو باصلاحیت بنائیں، ینگ ڈاکٹر معاشرے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں، تعلیم و صحت کے شعبوں میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خدمات لائق تحسین ہیں، ڈاکٹر کی ذمہ داری ہے کہ وہ پروفیشنل انداز میں کام کرے، ڈاکٹر کا مریض کے ساتھ دوستانہ رویہ بہت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ایچ بی ایس میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پہلے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ آج ہم اس تقریب میں نوجوان گریجوایٹس کی کامیابیوں کی خوشی منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری آئندہ نسلیں بھرپورصلاحیتوں کی حامل ہیں اور ہمیں ان کی استعداد سے استفادہ کرنا چاہئے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری حکومت عام آدمی کےلئے معیار ی اور سستی صحت کی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دیتی ہے، اسی فلسفہ کے تحت وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں میڈیکل کی تعلیم کے شعبہ کی ترقی کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں جن میں تدریسی عملہ میں اضافہ ، میڈیکل انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں میڈیکل کی تعلیم کے شعبہ میں درپیش مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ ان مسائل کے خاتمہ کو یقینی بنانے کےلئے میڈیکل ایجوکیشن ریفارمز کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو میری سربراہی میں کام کر رہی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ کمیٹی طلب اور رسد میں فرق کے حوالے سے رپورٹ مرتب کرے گی جبکہ ملک میں نجی شعبہ کے زیر انتظام میڈیکل کے تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کو بھی یقینی بنائے گی۔ ہم وزیراعظم اور حکومت کو میڈیکل کی تعلیم کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کریں گے تاکہ ملک میں طبی شعبہ کی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ ملک میں میڈیکل کی معیاری تعلیم کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہا ہے، ہر سال تقریباً 16 ہزار طلبا میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجوں سے فارغ التحصیل ہو رہے ہیں جن میں سے تقریباً 10 ہزار طلبا نجی شعبہ کے تعلیمی اداروں میں اپنی تعلیم مکمل کرتے ہیں ، اس طرح نجی شعبہ کے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز طبی تعلیم کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنے والے گریجویٹس نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں جس کا سہرا تعلیمی اداروں کی انتظامیہ اور تدریسی عملہ کے سر ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم ملک میں طبی شعبہ کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے حوالے سے تعلیمی اداروں کے کردار کے معترف ہیں جو بہترین ڈاکٹرز اور ٹیکنیشنز تیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ گریجویٹس ہمارے ملک کےلئے طبی شعبہ کا قیمتی اثاثہ ہیں جو علم ، مہارت اور بھرپور صلاحیتوں سے مریضوں اور معاشرہ کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک انسان کی زندگی بچانا انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ طبی شعبہ کے مسائل کو کم سے کم کر کے صحت کی بہترین معیاری اور سستی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے تعلیم مکمل کرنے والے گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ مسائل کے باوجود مواقع سے استفادہ کو یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے ایک ایسے شعبہ کا انتخاب کیا ہے جو نہ صرف کیریئرہے بلکہ ایک اہم فریضہ بھی ہے جس میں مریضوں کے علاج معالجہ سے ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی جاتی ہیں، آپ ہمیشہ اپنے شعبہ کی اقدارسے جڑے رہیں، مسلسل اپنے علم میں اضافہ کریں ، ہمیشہ اپنے مریضوں کو فوقیت دیں تاکہ ملک میں صحت کی سہولیات میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔ آپ کو یہ ذمہ داری پوری یکجہتی اور لگن سے سرانجام دینی چاہئے، اپنے ذاتی کیریئر کو کامیاب بنانے کے ساتھ ساتھ آپ کو یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ اسلام ہر شخص پر دوسرے کی مدد کرنے پر زور دیتا ہے تاکہ دوسرے لوگوں کی بھلائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کو ہمیشہ قرآن پاک کا فرمان پیش نظر رکھنا چاہئے جس میں کہا گیا ہے کہ جو کوئی کسی ایک شخص کی بھی جان بچاتا ہے وہ پوری انسانیت کی جان بچاتا ہے۔ اسی طرح ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ اللہ تعالیٰ کا حکم ہے کہ ہمیشہ دوسروں کےلئے سہولت پیدا کی جائے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ قرآن پاک میں زندگیوں کو بچانے پر خصوصی احکام نازل فرمائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ بین الاقوامی فورمز پر کہا ہے کہ ہمارا مذہب رواداری اور احسان کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا اسلام سے قطعاً کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ چند اصول ہیں جو ہمیشہ آپ کے پیش نظر رہنے چاہئیں، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر آپ نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے نوجوان طلبا اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی جبکہ صحت کے شعبہ میں معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے ایچ بی ایس میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی انتظامیہ اور تدریسی عملہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More