وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کاچین کے شہر چینگڈو میں ہائی ٹیک ڈویلپمنٹ زون کا دورہ، چینی کمپنیوں کو پاکستان میں ٹیکنالوجی پارکس بنانے کی دعوت

اے پی پی  |  Jun 01, 2024

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے چین کے شہر چینگڈو میں چینگڈو ہائی ٹیک ڈویلپمنٹ زون (سی ڈی ایچ ٹی) کا دورہ کیا۔ اس موقعق پر وفاقی وزیر نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے فیز-II کا حصہ بننے میں دلچسپی رکھنے والے چینگڈو میں مقیم تاجروں سے ملاقات بھی کی ۔

وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چینگڈو ہائی ٹیک ڈویلپمنٹ زون1988میں قائم کیا گیا تھاجو یہ چین کے پہلے قومی ہائی ٹیک زونز میں سے ایک ہے۔2023 میں چینگڈو ہائی ٹیک ڈویلپمنٹ زون نے 43 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کی زونل جی ڈی پی حاصل کی۔237 مربع کلومیٹر کے رقبے پر محیط اس زون میں ایک مالیاتی ضلع، بائی ٹیکنالوجی سٹی اور ایک سائنس اور ٹیکنالوجی پارک شامل ہے، زون میں 750,000 سے زائد افراد کام کرتے ہیں اور 4300 کاروباری ادارے ہیں۔

دورہ کے موقع پر چینگڈو میونسپل کے رہنماؤں اور زونل حکام نے احسن اقبال کو ٹیکنالوجی زون کی تاریخ، ترقیاتی پروفائل، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے خصوصی پالیسیوں اور مختلف صنعتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

احسن اقبال نے مقامی حکام کو پاکستان میں ٹیکنالوجی پارکس بنانے کی دعوت دی۔وفاقی وزیر نے متعلقہ ماہرین کو پاکستان کا دورہ کرنے اور حکام اور کاروباری اداروں کے ساتھ مشغول ہونے کی دعوت بھی دی تاکہ بامعنی تعاون ہو سکے۔ تاجروں نےاحسن اقبال سے پاکستان میں اپنے آپریشنز کو وسعت دینے، ملک میں مزید سرمایہ کاری لانے اور زرمبادلہ کمانے میں مزید سہولت فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔

چین میں مقیم پاکستانی انجینئرز نے وفاقی وزیر کو اپنی کامیابیوں سے آگاہ کیا اور پاکستان واپس آنے اور قومی معیشت میں مثبت کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More