اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت خالد مقبول صدیقی نے اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف 6/2 کا دورہ کیا ، تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کے کام میں پیش رفت کا جائزہ لیا، انہوں نے جاری کام کو سراہا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کو سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کے100سکولوں اور کالجوں میں تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے۔ اپ گریڈیشن کے کام میں نئے آئی ٹی لیبز، لائبریریاں، بہتر واش رومز، ذہنی کھیلوں کے کمرے اور میڈیکل رومز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ وفاقی سیکرٹری نے بتایا کہ جولائی کے آخر تک وفاقی دارالحکومت کے تمام ماڈل اور ڈگری کالجز کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن ہو چکے ہوں گے۔اپ گریڈیشن سے سرکاری شعبہ کے یہ تعلیمی ادارے ایک بہترین تعلیمی اداروں کی صورت میں ابھر کر سامنے آئیں گے اور معیار میں بہت سے نجی تعلیمی اداروں کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے کا مقصد تعلیمی سہولیات اور وسائل فراہم کرنا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیمی سہولیات فراہم ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے تعلیمی منظرنامہ میں انقلاب لانے اور نسلوں کے روشن مستقبل کی فراہمی کا وعدہ پورا ہو گا۔