پاکستانی وفد کے دورہ نے ایتھوپیا اور پاکستان کے دو طرفہ تعلقات میں ایک نیا باب رقم کیا، ایتھوپیا کے سفارت خانہ کا بیان

اے پی پی  |  May 31, 2024

اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):80 سے زائد پاکستانی تاجروں، سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں نے جمعہ کوایتھوپیا کا 5 روزہ تجارتی دورہ مکمل کرلیا۔ اسلام آباد میں وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا کے سفارت خانہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کے دورہ نے ایتھوپیا اور پاکستان کے دو طرفہ تعلقات میں ایک نیا باب رقم کیا ہے، دورے کے دوران پاکستانی تاجر برادری نے ایتھوپیا کی قیادت، حکومت اور ایتھوپیا کے سرمایہ کاری کمیشن کے سینئر حکام اور کاروباری برادری سے ملاقاتیں کیں۔

ایتھوپیا کا دورہ کرنے والا یہ دوسرا کاروباری اور تجارتی وفد تھا، قبل ازیں پہلے تجارتی وفد نے گزشتہ سال مارچ میں ایتھوپیا کا دورہ کیا تھا۔ دوسرے تجارتی وفد میں پاکستان کے متنوع اقتصادی شعبوں بشمول زراعت اور ایگرو پروسیسنگ، مینوفیکچرنگ، کان کنی، آئی سی ٹی، سیاحت، تعمیرات، کھاد اور دیگر شعبوں سے وابستہ کاروباری شخصیات شامل تھیں۔

بیان کے مطابق پاکستان میں ایتھوپیا کے سفارت خانہ کی طرف سے ترتیب دیئے گئے کاروباری اور تجارتی وفد میں سرکاری افسران، ممتاز تاجر اور صنعت کار شامل تھے جن میں ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیئرمین زبیر موتی والا، سیالکوٹ اور فیصل آباد چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدور عبدالغفور ملک اور ڈاکٹر خرم طارق کے علاوہ سندر انڈسٹری اینڈ ٹریڈ ایسوسی ایشن کے صدر ملک اظہر علی، گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے سابق صدر عمر اشرف، ڈائریکٹر فارورڈ سپورٹس خواجہ مسعود اور ایئر سیال کے چیف ایگزیکٹو افسر فضل جیلانی شامل تھے۔

تجارتی وفد نے ایتھوپیا کے سرمایہ کاری کمیشن اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سندر انڈسٹری اینڈ ٹریڈ ایسوسی ایشن کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے ساتھ اہم پیش رفت بھی حاصل کی۔ ان مفاہمتی یادداشتوں کا مقصد پاکستان کے سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کو ایتھوپیا کے متنوع اقتصادی شعبوں بشمول زراعت، ٹیکسٹائل، کھیلوں کے سامان چمڑے، کھاد اور دیگر میں سرمایہ کاری کرنے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More