اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے حجاز مقدس میں حجاج کرام کے آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع ٹرانسپورٹیشن پلان شروع کیا ہے، اس اقدام کے تحت حکومت نے حجاج کرام کو ان کی رہائش گاہوں سے براہ راست مسجد الحرام تک پہنچانے کے لیے 300 لگژری بسیں کرائے پر لی ہیں۔ وزارت مذہبی امور سے جاری بیان کے مطابق بس سروس 24 گھنٹے دستیاب ہے تاکہ حاجیوں کو سفر کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ہر وقت دستیاب بس سروس کا مقصد حاجیوں کی تکلیف کو دور کرنا ہے جس سے وہ اپنی عبادات اور روحانی سفر پر توجہ مرکوز کر سکیں۔موثر اور منظم آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے حرم کے اطراف چار داخلی مقامات پر بس سٹاپ بنائے گئے ہیں۔ٹریفک کے ہموار بہائو کو یقینی بنانے اور رش کو کم سے کم کرنے کے لیے مقررہ سٹاپ سے زائرین کو پک اپ اینڈ ڈراپ کیا جاتا ہے ۔ حکومت نے سفر کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے حجاج کرام کو ان کے پورے سفر میں مدد کرنے کے لیے گائیڈز بھی فراہم کیے ہیں۔یہ گائیڈز حجاج کو ان کے مقرر کردہ راستوں سے سفر کرنے میں مدد کرتے ہیں تا کہ وہ بغیر کسی دقت کے اپنی منزل تک پہنچ جائیں۔حجاج کے کسی بھی قسم کے خدشات یا پریشانی کو حل کرنے کے لیے گائیڈ انہیں مدد بھی فراہم کرتے ہیں۔