آذربائیجان وزیر خارجہ دورہ، پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ، ترجمان دفتر خارجہ

اے پی پی  |  May 31, 2024

اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف کے دورہ پاکستان نے فریقین کو دو طرفہ تعلقات کی صورتحال کا جامع جائزہ لینے اور علاقائی اور عالمی پیشرفت پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم کیا۔

جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے وزیر خارجہ کے دورے کے دوران دونوں فریقوں نے دوطرفہ سٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، سلامتی اور دفاع، تعلیم، کلائمیٹ ایکشن اور علاقائی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان نے کہا کہ بات چیت میں پارلیمانی تبادلوں کو بڑھانے، ثقافتی تعاون کو مضبوط بنانے اور عوام سے عوام بشمول طلبا، تعلیمی اداروں اور کاروباری شخصیات کے درمیان تبادلوں کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور آذربائیجان کے وزیر خارجہ بیراموف نے کثیر الجہتی فورمز پر دوطرفہ تعاون اور غیر قانونی طور پر بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔

آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے پاکستان کے دورہ کے دوران اسلام آباد میں قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اور نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے تفصیلی بات چیت کی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More