اسرائیلی وزیراعظم کا انٹرویو نشر کرنے پر فرانسیسی چینل کے خلاف پیرس میں مظاہرہ

اردو نیوز  |  May 31, 2024

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کا انٹرویو نشر کرنے والے فرانسیسی ٹیلی ویژن چینل کے باہر پیرس میں سینکڑوں مظاہرین نے احتجاج کیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق  فلسطینی جھنڈے لہراتے ہوئے مظاہرین نے نجی ٹیلی ویژن نیٹ ورک ’ٹی ایف ون‘ کے دفتر کے باہر مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔

مظاہرین نے فلسطینیون کا روایتی سکارف کوفیہ بھی پہن رکھا تھا۔

پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود تھی جس نے مظاہرین کو ٹیلی ویژن چینل کی عمارت کے قریب نہیں جانے دیا۔

مظاہرین غزہ کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔

ٹیلی ویژن نیٹ ورک ’ٹی ایف ون‘ کے نیوز چینل ’ایل سی ون‘ پر بنیامین نیتن یاہو کا انٹرویو نشر ہوا تھا جس میں وہ غزہ کی تباہ کن جنگ پر اپنے ملک کا دفاع کر رہے تھے۔

انٹرویو میں نیتن یاہو نے کہا ’( فلسطینی) جنگجوؤں کے نقصانات کے مقابلے میں شہری نقصانات کی شرح سب سے کم ہے جو ہم نے اب تک کسی بھی شہری جنگ میں دیکھی ہے۔‘

نیتن یاہو نے ان دعوؤں کو مسترد کیا کہ اسرائیل شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے یا جان بوجھ کر قحط کی صورتحال برپا کر رہا ہے۔

یہ انٹرویو فرانسیسی چینل نے ایسے وقت پر نشر کیا ہے جب عالمی سطح پر مخالفت کے باوجود اسرائیل نے رفح میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر حملہ کیا جس میں 45 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

فرانس کی بائیں بازو کی جماعت ’فرانس ان باؤڈ‘ سے وابستہ ارکان پارلیمان نے چینل کے خلاف احتجاج کی کال دی تھی۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی جنگ میں کم از کم 36 ہزار 224 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسرائیل پر حملے میں حماس نے 252 افراد کو یرغمال بنایا تھا جن میں سے121 ابھی تک غزہ میں ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ان میں سے 37 مارے گئے ہیں۔

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More