اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی)اورمختلف این جی اوز کے تعاون سے دین کالونی چک 40شمالی میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔جس میں 162کی تعدادمیں مرد وخواتین اوربچوں نے استفادہ حاصل کیا۔اس فری میڈیکل کیمپ میں ڈاکٹر شیرجان خان، ڈاکٹر حمزہ امین اورلیڈی ڈاکٹر کنیز مخدوم نے مریضوں کو چیک کیا۔ اس موقع این سی ایچ ڈی، ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی)سرگودہا،سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ یونیورسٹی آف سرگودہا،ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی، رفاء سوسائٹی اورالمس 360فاؤنڈیشن کے تعاون سے مریضوں کو فری ادویات بھی فراہم کی گئیں۔اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ این سی ایچ ڈی ہمیشہ متوسط طبقہ کو تعلیم، صحت اورمالی معاونت فراہم کرنے کے لیے فرنٹ فٹ پررہتی ہے۔اُنہوں نے مزید کہاکہ اس فری میڈیکل کیمپ کا مقصد بھی غریب اورمتوسط طبقہ کواُنکی دہلیز پر صحت کی سہولیات مہیا کرناہے تاکہ ہیٹ ویو اوردیگر بیماریوں سے بچوں اورخود کو بچاسکیں۔ اس موقع پر چیئرپرسن سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ یونیورسٹی آف سرگودہا میڈم بینیش اعجاز بٹ، چیئرمین رفاء سوسائیٹی خواجہ محمد عمر،ملک طاہرفاروق، سوشل ویلفیئر آفیسر اسماء مقبول اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی آصف علی تارڑودیگرنے شرکت کی۔