اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز، مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی چودھری سالک حسین سے سری لنکن وزیر مذہبی و ثقافتی امور ویدورا وکرمانائیکے نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور پاکستان میں گندھارا تہذیب و فن او رتعمیرات کو محفوظ بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بدھ کو وزارت اوورسیز پاکستانیز سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ تمام مذاہب بھائی چارے، ہمدردی اور دیکھ بھال کا درس دیتے ہیں جس کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گندھارا ثقافت، فن اور ڈھانچے کا تحفظ کیا جا رہا ہے، پاکستان حسن ابدال میں سکھوں اور دیگر مذاہب کے بہت سے مقدس مقامات کی بہترین انداز میں دیکھ بھال کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سری لنکن طلباء کو طبی اور مذہبی شعبوں میں پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرے گا، سری لنکا کے طلباء کے لئے وظائف کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ایک ٹیکنیکل گروپ تشکیل دے رہے ہیں۔سری لنکا کے وزیر مذہبی امور وکرمانائیکے نے کہا کہ سری لنکا میں بدھ، ہندو، سکھ اور مسلم کمیونٹیز مقدس مقامات کی حفاظت کے لئے مل کر کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مذہب ثقافت کا حصہ ہے اور پاکستان کی ثقافت بہت مضبوط ہے،پاکستان بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ہے ، پاکستان ایک خوش قسمت ملک ہے جس کی 64 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے نوجوانوں کے لئے پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں مواقع پیدا کئے جانے چاہئیں۔