پاکستان کے محمد ظفر عباس سمیت دنیا بھر سے 64 امن اہلکاروں کوبعد از مرگ ایوارڈ دینے کی تقریب اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں جمعرات کو ہو گی

اے پی پی  |  May 29, 2024

اقوام متحدہ۔29مئی (اے پی پی):پاکستان کے محمد ظفر عباس سمیت دنیا بھر سے 64 فوجی، پولیس اور سویلین امن اہلکاروں کوبعد از مرگ ایوارڈ دینے کی تقریب اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں جمعرات کو ہو گی، ان اہلکاروں نے دنیا بھر میں یواین امن مشنز کے تحت فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ۔ تقریب میں یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کے دفتر میں سویلین حیثیت سے کام کرنے والے پاکستانی محمد ظفر عباس سمیت 64 افراد کو ڈیگ ہامر شولڈ میڈل دیئے جائیں گے۔

اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ٹرسٹی شپ کونسل چیمبر میں منعقد ہونے والی پروقار تقریب کی صدارت اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کریں گے۔ قبل ازیں وہ 1948 سے لے کر اب تک اپنی جانیں گنوانے والے 4,300 سے زائد اقوام متحدہ کے امن دستوں کے ارکان کے اعزاز میں پھول چڑھائیں گے۔پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز کے لئے افرادی قوت فراہم کرنے والا بڑا ملک ہے جس کے اس وقت تک 3,800 سے زیادہ اہلکار ایبی، وسطی افریقی جمہوریہ، قبرص، جمہوریہ کانگو، صومالیہ، جنوبی سوڈان اور مغربی صحارا میں خدمات انجام دے رہے ہیں،1948 سے اب تک 125 ممالک کے 20 لاکھ سے زیادہ سکیورٹی اہلکار دنیا بھر میں 71 آپریشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔

اس موقع پر اپنے پیغام میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا کہ آج ہم اقوام متحدہ کے 76,000 سے زیادہ امن فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو انسانیت کے اعلیٰ ترین آئیڈیل امن کے قیام کے لئے شہریوں کی حفاظت، انسانی حقوق کو برقرار رکھنے، انتخابات کی حمایت اور اداروں کو مضبوط کرنے کے لیے خطرناک اور غیر مستحکم علاقوں میں بہادری سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں جن میں سے 4,300 نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے، ہم انہیں کبھی نہیں بھلائیں گے۔ اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری برائے امن آپریشنز جین پیئر لاکروکس نے اپنے بیان میں کہا کہ یو این پیس کیپنگ ایک منفرد عالمی شراکت داری ہے جس میں 120 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے سکیورٹی اہلکاروں پر مشتمل امن دستے ہر روز دنیا کے مشکل ترین مقامات پر لاکھوں لوگوں کے لیے ایک معنی خیز تبدیلی لاتے ہیں ۔\

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More