نئی دہلی ۔29مئی (اے پی پی):بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں درجہ حرارت 49.9 ڈگری سینٹری گریڈ کی ریکارڈ سطح تک بڑھ گیا ہے جس کے بعد حکام نےتین کروڑ آبادی کے اس شہر میں پانی کی قلت پیدا ہو جانے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔انڈیا میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کے مطابق شہر میں ہیٹ ویوکے دوران دو مضافاتی اسٹیشنوں نریلا اور منگیش پور پر درجہ حرارت 49.9 ڈگری سینٹری گریڈ ریکارڈ کیا جو اس وقت توقع سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شدید گرمی کے باعث شہرمیں ہر عمر کے افراد کو ہیٹ سٹروک ہونے کا بہت زیادہ اندیشہ ہے اور اس صورتحال میں کمزور لوگوں کے لیے انتہائی نگہداشت کی ضرورت ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں رات کے وقت میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہتا ہے۔ محکمہ نے کہا ہے کہ ملک کے شمال مغربی اور وسطی حصوں میں گرمی کی لہر جمعرات سے بتدریج کم ہونے کا امکان ہے ۔اس سے قبل مئی 2022 میں نئی دہلی کے کچھ حصوں میں د رجہ حرارت 49.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ دریں اثنا نئی دہلی کے حکام نےشہر میں پانی کی قلت کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے اور شہر کے کئی علاقوں میں پانی کی سپلائی کو دن میں دو بار سے کم کر کے دن میں ایک بار کر دیا گیا ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ریاست راجھستان میں گزشتہ روز درجہ حرارت 50.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جو 2016 میں 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا ۔