خادم حرمین شریفین نے صحت یاب ہونے کے بعد کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی

اے پی پی  |  May 29, 2024

ریاض۔29مئی (اے پی پی):خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صحت یاب ہونے کے بعد سعودی کابینہ کے سیشن کی وڈیو کال کے ذریعے صدارت کی۔ اس موقع پر سعودی ولی عہد نے اپنے خاندان، سعودی عوام اور دوست ممالک کے سربراہان کی جانب سے ان کی جلد صحت یابی کےلئے نیک خواہشات اور دعائیہ پیغامات پر شکریہ ادا کیا۔العربیہ اردو کے مطابق اجلاس کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور کابینہ کے ارکان نے شاہ سلمان کی صحت یابی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے ان صحت کے لیے دعا کی۔

اجلاس کے دوران کابینہ کو سینیگال کے صدر کی جانب سے شاہ سلمان کو بھیجے جانے والے پیغام اور ولی عہد کی جاپانی وزیر اعظم اور فرانسیسی صدر سے بات چیت پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں فیوچر ایوی ایشن 2024 کے ریاض میں کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی گئی جس میں ہوا بازی کے شعبے کے لیے انتہائی اہم ایک سو سے زائد معاہدوں پر دستخط کے علاوہ بڑی سرمایہ کاری کا اعلان بھی کیا گیا ۔

کابینہ نے مملکت میں ہوا سے بجلی کی پیداوار کے شعبے میں کامیابی حاصل کرنے، بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی اور صاف توانائی کے دیگر ذرائع کو اختیار کرنے کے اقدام کو سراہا ۔اجلاس میں علاقائی اور عالمی حالات کا جائزہ لیتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قراردادوں اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزیاں روکنے کے لئے مداخلت کی جائے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More