آج کے دن خطے میں طاقت کا توازن قائم ہوا جو کہ امن کیلئے بے پناہ ضروری تھا،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

اے پی پی  |  May 28, 2024

کراچی۔ 28 مئی (اے پی پی):متحدہ قومی موومنٹ کے تحت ایم کیو ایم پاکستان ہائوس میں یوم تکبیر کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سید مصطفی کمال، انیس قائمخانی، سید امین الحق، فیصل سبزواری و دیگر رہنمائوں سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج کے دن خطے میں طاقت کا توازن قائم ہوا جو کہ امن کیلئے بے پناہ ضروری تھا، آج کے دن کو تشکر کے طور پر منانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت نے انتہائی سخت حالات اور عالمی پریشر کے باوجود جراتمندانہ فیصلہ کیا اور عسکری قیادت نے اپنی پیشہ وارانہ خدمات کو سرانجام دیا، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اگر پوری پاکستانی قوم، سیاسی و عسکری قیادت مل کر جدوجہد کریں تو ہم پاکستان کو ہر قسم کی مشکلات سے نکال کر دنیا میں سرخرو کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ آج کے دن ہم 28 مئی 1998 کی پوری سیاسی، عسکری اور سائنسدانوں کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی انتھک محنت اور بروقت فیصلوں سے پاکستان کو یہ دن دیکھنا نصیب ہوا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر مرکزی رہنما سید مصطفی کمال نے کہا کہ معاشرے اور ملک کو بہتر بنانے کیلئے ہمیں سب سے پہلے خود کو بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن خود سے عہد کا دن ہے، ہمیں مل کر پاکستان کو امید دینا ہے بہتری کی اور خوشحالی کی کیونکہ اسی میں پوری قوم کی بھلائی اور بقا ہے۔

سید مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان کی دیگر سیاسی جماعتوں کو ایم کیو ایم پرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور تمام تر فیصلوں میں ملک و قوم کی بھلائی کو ہمیشہ ترجیح دی ہے۔ انہوں نے پاکستانی قوم کو یوم تکبیر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ملک کے معاشی انجن کراچی کے بیٹے تھے اور آج کے دن کے توسط سے ہم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More