اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی صدر اور وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ و مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ یورپی ممالک کی طرف سے فلسطین کی آزاد ریاست کو تسلیم کرنا خوش آئند امر ہے اور ہم اس اہم پیشرفت پر فلسطینی بھائیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔فلسطینی ریاست کے حق میں اظہار خیال کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ آخر کار دنیا بھر کو فلسطین میں ہونے والے انسانی مظالم کا عملی طور پر احساس ہو ہی گیا اور ثابت ہو گیا کہ فلسطین کی آزادی اور خود مختاری کے لئے دنیا اکٹھی ہو رہی ہے۔وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے کہا کہ اسرائیل کی سفاکیت اور نہتے شہریوں پر ظلم وستم دنیا بھر میں آشکار ہو چکے ہیں، اسرائیل ہٹ دھرمی چھوڑ دے،سپین، ناورے اور آئر لینڈ سمیت 146ممالک نے فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر مان لیا ہے کیونکہ فلسطین کی آزادی اور خود مختاری عالمی چارٹر کے عین مطابق ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی مخالفت اور فلسطینیوں کی حمایت کے لئے مسلمان ہونا نہیں بلکہ با ضمیر ہونا ضروری ہے،اسی لئے دنیا کی مہذب اقوام نے فلسطین کی قربانیوں کو تسلیم کرتے ہوئے اسرائیل کی بربریت کا پردہ چاک کر دیا ہے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست کا قیام مسلم امہ کے لئے باعث فخر ہے اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب دنیا بھر میں آزاد اور خود مختار فلسطین کی ریاست کا قیام عمل میں آ جائے گا۔