پشاور۔ 28 مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سیفران و امور کشمیر و گلگت بلتستان اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ یوم تکبیر ہماری آنے والی نسلوں کی آزادی، خودمختاری اور مستقبل محفوظ بنانے کا بڑا اہم دن ہے، چاغی کے پہاڑ ہر سال 28 مئی یوم تکبیر کو سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی پاکستان سے محبت اور وفا کی داستان سناتا ہے۔یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آج سے 25 سال قبل 28 مئی 1998 کو بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں عالمی دباؤ کے باوجود قومی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے اس وقت کے نڈر اور بے باک وزیراعظم محمد نواز شریف کی سربراہی میں سائنسدانوں اور متعلقہ اداروں نے 6 ایٹمی دھماکے کرکے نا صرف پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا بلکہ وطن عزیز کو اسلامی دنیا کے پہلے اور اقوام عالم کی ساتویں ایٹمی طاقت بنایا-انہوں نے کہا کہ درحقیقت یوم تکبیر ہماری آنے والی نسلوں کی آزادی، خودمختاری اور مستقبل محفوظ بنانے کا بڑا اہم دن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سمجھتی ہے کہ مضبوط دفاع کیلئے پاکستان کو اقتصادی لحاظ سے مظبوط بنانا ضروری ہے، انشاءاللہ وطن عزیز کو موجودہ معاشی بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت بھی نوازشریف اور شہبازشریف کی قیادت میں (ن) لیگ کی ٹیم رکھتی ہے، انشاءاللہ ہم ہی پاکستان کو اقتصادی لحاظ سے بھی مستحکم کرکے معاشی طور پر ناقابل تسخیر بنا کر دم لیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آئیے ملکر آج کے اس اہم دن عہد کریں کہ پاکستان کی عزت ، وقار ، آبرو، دفاع و سلامتی اور مفاد کیلئے پوری قوم سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی۔