انڈین گلوکار سے ’دوستی‘، میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں شادی شدہ نہیں ہوں: ہانیہ عامر

اردو نیوز  |  May 26, 2024

پاکستان کی معروف ٹی وی اداکارہ ہانیہ عامر نے انڈین ریپر اور گلوکار بادشاہ کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کہا ہے کہ شادی شدہ نہ ہونے کی وجہ سے ان کے خلاف افواہیں پھیلائی جاتی ہیں۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق بی بی سی ایشین نیٹ ورک سے گفتگو کے دوران اداکارہ ہانیہ عامر سے ان کے پسندیدہ گانے کے بارے میں جب پوچھا گیا تو انہوں نے انڈین ریپر بادشاہ کے گانے کا نام لیا۔ جس پر میزبان کا کہنا تھا کہ وہ یہ کہہ کر مزید قیاس آرائیوں کو دعوت دے رہی ہیں۔

ہانیہ نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’نہیں، یہ بہت اچھا گانا ہے۔ میں کبھی کبھی سوچتی ہوں کہ میرا واحد مسئلہ یہ ہے کہ میں شادی شدہ نہیں ہوں۔ اگر میں ہوتی تو میں بہت سی افواہوں سے دور ہوتی۔‘

گزشتہ ماہ دونوں کو دبئی میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔ ہانیہ عامر نے بادشاہ کے ساتھ ایک تصویر اور ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ریسکیو آرائیوڈ فرام چندی گڑھ۔‘

ہانیہ عامر نے کہا تھا کہ ان کے اور بادشاہ کے درمیان انسٹاگرام پر اس وقت دوستی ہوئی جب بادشاہ نے ان کے ایک ریل پر تبصرہ کیا جس کے بعد پیغامات کا تبادلہ ہوا۔

ہانیہ عامر کا مزید کہنا تھا کہ بادشاہ ایک اچھے دوست ہیں اور اگر وہ کبھی سوشل میڈیا پر کچھ زیادہ پوسٹ نہیں کرتیں تو بادشاہ معلوم کرتے ہیں کہ کیا ہوا ہے۔

ہانیہ عامر نیٹ فلکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ میں نظر آئیں گی۔ اس سیریز میں فواد خان، ماہرہ خان، صنم سعید اور احد رضا میر بھی ہوں گے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More