پی آئی اے کرغزستان سے 1368 پاکستانی طالب علموں کو ایمرجنسی حالات میں وطن واپس لا چکی ہے ، ترجمان پی آئی اے

اے پی پی  |  May 24, 2024

اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک سے اب تک 8 خصوص پروازوں کے ذریعے 1368 پاکستانی طالب علموں کو ایمرجنسی حالات میں وطن واپس لا چکی ہے ۔ پی آئی اے کے ترجمان نے جمعہ کو جاری بیان میں کہا کہ قومی ایئر لائن(پی آئی اے) گزشتہ چار دنوں میں بشکیک کے لئے 8 خصوصی پروازیں آپریٹ کر چکی ہے، ان پروازوں کے ذریعے تقریبا 1368 طالب علم بحفاظت اپنے وطن پہنچ چکے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کے آپریشن میں بشکیک کے لئے مزید 2 خصوصی پروازیں بھی شامل ہیں جن میں سے ایک پرواز آج رات 12 بجے لاہور سے بشکیک پاکستانی طلباء کو وطن واپس لانے کے لئے روانہ ہوگی جبکہ دوسری پرواز کل صبح 8 بجے اسلام آباد سے بشکیک جائے گی۔ ان دونوں پروازوں کے ذریعے مزید 348 طالب علم وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے یہ خصوصی پروازیں اسلام آباد ،کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں کے لئے آپریٹ کر رہی ہے، قومی ایئر لائن حکومت پاکستان کی ہدایات اور ضروریات کے مطابق پروازیں چلا رہی ہے اور ضرورت کے مطابق مزید پروازوں کی بھی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہنگامی حالات میں اپنے ہم وطنوں کی مدد کرنا پی آئی اے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More