علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مقرر،نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا

اے پی پی  |  May 21, 2024

لاہور۔21مئی (اے پی پی):صدر پاکستان نے معروف مذہبی سکالر علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی کو اسلامی نظریاتی کونسل کاچیئرمین مقررکردیا۔ وزارت قانون وانصاف نے اس حوالے سے ڈاکٹرراغب حسین نعیمی کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

ڈاکٹرراغب حسین نعیمی اس وقت کئی پوزیشن پرخدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی لاہور میں معروف دینی درسگاہ جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلی اورمتحدہ علما بورڈ پنجاب کے چیئرمین ہیں ، آپ پنجاب زکو ة کونسل کے ممبر بھی رہے ہیں،اس کے ساتھ ساتھ آپ قرآن بورڈ پنجا ب اورمرکزی رویت ہلال کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔پنجاب یونیورسٹی لاہور اورزرعی یورنیورسٹی فیصل آباد کے سنڈیکٹ کے ممبر ہیں۔آپ نے دینی تعلیم دارالعلوم جامعہ نعیمیہ لاہورسے حاصل کی ہے۔

ڈاکٹر راغب نعیمی گورنمنٹ کالج کے گریجویٹ ہیں، وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے عربی میں گولڈ میڈلسٹ اور اسلامی معاشیات میں پی ایچ ڈی ہیں۔ملک وبیرون ملک بیسیوں کانفرنسز میں مقالات پیش کرچکے ہیں۔تعلیم کے فروغ،امن وامان کے قیام اوربین المذاہب ومسالک کے فروغ کیلئے آپ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتاہے ،حال ہی میں آپ کو دینی،تعلیمی اورسماجی خدمات کے اعتراف میں صدرمملکت کی جانب سے ستارہ امتیازسے نوازا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More