پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ،یہ کیسے ممکن تھا کہ آزاد کشمیر میں ہمارے بہن بھائی مشکل میں ہوں اور ہم چین سے بیٹھیں، وزیراعظم شہبازشریف کی وفد سے ملاقات میں گفتگو

اے پی پی  |  May 17, 2024

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں یہ کیسے ممکن تھا کہ آزاد کشمیر میں ہمارے بہن بھائی مشکل میں ہوں اور ہم چین سے بیٹھیں۔وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کی قیادت میں پارٹی وفدسے گفتگوکرتےہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ملاقات میں وفاقی وزرا بھی شریک ہوئے ۔

وفد نے آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال پر قابو پانے اور مسائل کے حل پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔وفد نے پاکستان کی معیشت کی بحالی اور ملک میں بیرونی سرمایہ کاری لانے کیلئے اٹھائے جا رہے اقدامات کی تعریف کی۔وزیراعظم نے وفد کو آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آپ اپنی بھرپور کوشش کریں کہ آزاد کشمیر کے عوام کو زیادہ سے ذیادہ ریلیف ملے ۔ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ یہ کیسے ممکن تھا کہ آزاد کشمیر میں ہمارے بہن اور بھائی مشکل میں ہوں اور ہم چین سے بیٹھیں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کشمیر کاز کو دنیا بھر میں اجاگر کر رہا ہے۔ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن )آزاد جموں و کشمیر کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے وفد کو آزاد جموں و کشمیر میں پارٹی کو مزید منظم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ عوام سے اپنے روابط میں مزید بہتری لائیں ۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More