ماں جیسی عظیم ہستی سے محبت کسی مخصوص دن سے بالاتر ہے،محسن نقوی

اے پی پی  |  May 12, 2024

لاہور۔12مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ماں جیسی عظیم ہستی سے محبت کسی مخصوص دن سے بالاتر ہے۔مائوں سے محبت کے اظہار کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ ماں جیسی عظیم ہستی سے محبت کسی مخصوص دن سے بالاتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے خوبصورت اور میٹھا لفظ ماں ہے ،پیار، خلوص اور شفقت جیسے سچے جذبوں میں گوندھے ہوئے اس پاکیزہ رشتے کا کوئی نعم البدل نہیں، ماں کی گود میں سر رکھ کر باتیں کرنے اور سونے میں جو سکون ملتا ہے وہ دنیا کے قیمتی ترین بستر پر بھی نصیب نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے مجھے ماں کی دعائوں سے اس مقام پر پہنچایا ہے،والدہ مرحومہ کی کمی زندگی کے ہر موڑ پر محسوس کرتا ہوں،ان کی خوبصورت یادیں و دعائیں ہمیشہ میرے ساتھ ہیں ۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ تمام مائوں کی عظمت کو سلام پیش کرتاہوں،وطن کیلئے قربانیاں دینے والے شہداء کی ماں کو بھی سلیوٹ کرتا ہوں،دل سے دعا ہے کہ اللہ تعالی ہر ماں کو سلامت رکھے ۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More