سعودی حکومت کاعازمین حج کو جدید سفری سہولت کی فراہمی کے سلسلے میں فضائی ٹیکسیوں اور ڈرونز کے استعمال کا اعلان ، پاکستان کا خراج تحسین

اے پی پی  |  May 11, 2024

مدینہ منورہ۔11مئی (اے پی پی):سعودی حکام لاجسٹک منظر نامے کو تبدیل کرنے کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجیز کو بروئے کارلا رہے ہیں تاکہ ہر سال دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمین حج کے لئے آسان اور محفوظ سفر ی سہولیات کو یقینی بنایا جا سکے، رواں سال حج سیزن کے دوران فضائی ٹیکسیوں اور ڈرونز کا آزمائشی طور پر استعمال کیا جائے گا ۔

سعودی عرب کے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سروسز کے وزیر صالح الجاسر نے کہا کہ فلائنگ ٹیکسیوں کا استعمال ٹرانسپورٹ کی سہولیات میں اہم سنگ میل ہو گا جس سے عازمین حجاج کو بلا تعطل سہولت میسر آئے گی اور معزز مہمانوں کو قیام کے دوران زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔ پاکستان کی وزارت مذہبی امور کے ترجمان محمد عمر بٹ نے سعودی حکام کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حج کے تجربے کو جدید بنانے کا سعودی عرب کا عزم عازمین حج کی سہولت کو یقینی بنانے کے لئے ان کے لگن کا عکاس ہے۔

سعودی عرب کے سرکاری نیوز چینل العربیہ کو دیئے گئے انٹرویو میں سعودی وزیر صالح الجاسرنے فضائی ٹیکسیوں اور ڈرونز کے استعمال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مختلف ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے درمیان آنے والے برسوں میں عملی مصنوعات فراہم کرنے کے لیے بھرپور مقابلہ ہو گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکام مستقبل میں سہولت کاری کے اقدامات میں مستقل پہلو کے طور پر اس کے انضمام کا مکمل جائزہ لے رہے ہیں چونکہ اس شعبے میں بتدریج توسیع دیکھنے میں آئی ہے ، سعودی وزیر نے کہا کہ وزارت کے لئے یہ ضروری ہے کہ وہ ان نئی ٹیکنالوجیز کو متعارف کرائے اور حجاج کرام کے فائدے کے لئے ان کی شمولیت کے سلسلے میں بہترین طریقہ کار کا تعین کرے۔

انہوں نے کہاکہ درحقیقت ہمارے لئے یہ ضروری ہے کہ ہم ان جدید خدمات کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور حج سیزن میں ان سے فوائد حاصل کریں، پاکستان کی وزارت مذہبی امور کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور ترجمان محمد عمربٹ جو 2009 سے عازمین حج کی نگرانی کر رہے ہیں نے سعودی حکام کی جانب سے عازمین حج کی سہولت کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں نے لاکھوں عازمین حج کے مقدس سفر کو آسان بنانے میں سعودی حکومت کی لگن اور کوششوں کو براہ راست دیکھا ہے۔

حج پورٹل اور نسک ایپ جیسے اقدامات کے ذریعے جو خاص طور پر کوویڈ 19 وبائی امراض سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کے بعد متعارف کرایا گیا ہے ، سعودی حکومت نے مناسک حج کی ادائیگی کو جدید اور سہل بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ریاض الجنتہ کی پری بکنگ، بائیو میٹرک ای ویزا کا نفاذ اور ورچوئل حج ایپ کی تیاری سمیت ان کے فعال اقدامات عازمین حج کی سہولت کو یقینی بنانے کے لئے ان کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران ہم نے حج سیزن کے دوران ہجوم کے انتظام اور سعودی حکام کی جانب سے مثالی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری دیکھی ہے، محتاط منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے ذریعے انہوں نے حج کے مجموعی تجربے کو کامیابی کے ساتھ بہتر بنایا ہے، ہجوم کو موثر طریقے سے کنٹرول کرنے کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال سے لے کر سیرت میوزیم کے قیام تک جو پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی زندگی اور تعلیمات کے بارے میں بصیرت فراہم کرتا ہے ، ہر پہلو کو زائرین کے روحانی سفر کو مالا مال بنانے کے لئے احتیاط سے تیار کیا گیا ہے۔

مزید برآں عمر رسیدہ اور معذور عازمین کے لیے الیکٹرانک وہیل چیئرز کی فراہمی جیسے اقدامات سعودی حکومت کی شمولیت اور رسائی کے عزم کو اجاگر کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ سہولیات میں اضافہ، ہجوم کے انتظام کو بہتر بنانے اور جدید حل متعارف کرانے کے لئے مسلسل کوششیں کرتے ہوئے وہ حج کے انتظام کے لئے ایسا معیار قائم کر رہے ہیں جس کی مثال نہیں ملتی۔

پاکستانی عہدیدار نے کہا کہ مشترکہ کوششوں اور عازمین حج کی خدمت کے مشترکہ عزم کے ذریعے ہم حج کے سفر کو اس مقدس فریضہ پر جانے والے تمام افراد کے لیے حقیقی معنوں میں تبدیلی لانے والا اور روحانی طور پر بھرپور تجربہ بنانے کے لیے کام کر سکتے ہیں۔ حج اسلام کے پانچ بنیادی اراکین میں سے ایک ہے جس کی ادائیگی کے لئے عازمین سعودی عرب آتے ہیں جس کے لئے سعودی حکام کی جانب سے انہیں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More