وزیراعظم سے چیئرمین سروس لانگ مارچ ٹائرز گروپ جن یانگشینگ کی ملاقات، ملک میں سرمایہ کاری کے اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر ر ہے ہیں،شہباز شریف

اے پی پی  |  May 10, 2024

لاہور۔10مئی (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین سروس لانگ مارچ ٹائرز گروپ جن یانگشینگ نے لاہور میں ملاقات کی ۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات کے دوران چیئرمین سروس لانگ مارچ ٹائرز گروپ نے وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا کہ کمپنی پاکستان میں 300 ارب روپے کی مزید سرمایہ کاری کرنے جارہی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کو مزید سہولت فراہم کرنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جا رہا ہے۔

چیئرمین سروس لانگ مارچ ٹائرز گروپ نے مزید بتایا کہ سرمایہ کاری کے بعد 2025 میں کمپنی پاکستان سے 100 ملین ڈالر کے ٹائر برآمد کر سکے گی اور اس سرمایہ کاری سے پاکستان میں تقریباً ایک ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی سرمایہ کاری و کاروبار دوست پالیسیوں پر خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے ٹائرز کی سمگلنگ کے سدباب کیلئے حکومتی اقدامات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے سروس لانگ مارچ ٹائرز کے پاکستان میں اپنے آپریشنز کو وسعت دینے کے اقدام کا خیر مقدم کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے اضافے کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، پاکستان میں کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کو مزید سہولت فراہم کرنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جا رہا ہے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی شریک تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More