حکومت حجاج کرام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے، حجاز مقدس جا کر انتظامات کا خود جائزہ لوں گا، چوہدری سالک حسین

اے پی پی  |  May 10, 2024

لاہور۔10مئی (اے پی پی):صوبائی دارالحکومت لاہور سے حج2024کیلئے 287عازمین کو لے کر سرکاری حج پرواز حجاز مقدس کے لئے روانہ ہو گئی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے عازمین حج کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے رخصت کیا۔

عازمین حج کو انہوں نے خصوصی تلقین کی کہ وہ حجاز مقدس میں اللہ کے مہمان اور پاکستان کے سفیر بن کر جا رہے ہیں، سعودی قوانین اور ثقافت کا خیال رکھیں،اللہ کے حضور جہاں اپنے اور اپنے عزیز و اقارب کے لئے دعا کریں گے وہاں خصوصی طور پر عالم اسلام بالخصوص پاکستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے بھی دعا کریں۔

جمعہ کے روز یہاں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیرین ایئر فلائٹ ای آر 921 کی سرکاری حج پرواز کے ذریعے 287 حجاز مقدس روانہ ہونے والے عازمین کی الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ حج پر جارہے ہیں وہ خوش نصیب ہیں اور اس خوش نصیبی پر جتنا بھی اللہ تعالی کا شکریہ ادا کریں وہ کم ہے، یہاں اس موقع پر موجود ہونا میرے لیے فخر کا مقام اور اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کیلئے یہ لمحہ باعث مسرت ہے کہ آج وہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ان کے مہمانوں کو حج پرواز کے ذریعے حجاز مقدس روانگی کے لئے الوداع کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میں خود بھی تین چار دن تک روانہ ہوں گا اورخود وہاں جاکر انتظامات کا جائزہ لوں گا، سعودی عرب میں پاکستانی حجاج کرام کو درپیش مسائل کے حل اور ان کے درمیان موجود رہ کر ان کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام بروئے کار لائوں گا۔

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ سعودی حکومت نے میرے لیے وی آئی پی حج کی سہولیات دینے کا کہا لیکن میں نے اپنے ملک کے حجاج کرام میں رہنے کو ترجیح دی۔انہوں نے کہا کہ اس بار انتظامات سابقہ ادوار سے بالکل مختلف ہوں گے اور آپ کو اس کا فرق واضح نظر آئے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس بار ہر حاجی کو سم دی جارہی ہے، جس میں اپلیکیشن موجود ہے ،منی میں راستہ بھولنے کی صورت میں ایپ کی مدد سے رہنمائی لی جا سکے گی۔

انہوں نے حاجیوں سے درخواست کی کہ وہ وہاں جاکر ملکی سلامتی کیلئے دعا کریں کیونکہ دعائیں بہت سے راستے کھول دیتی ہیں۔اس سے قبل ڈائریکٹر حج سنٹرل پنجاب لاہور رضوان شفیق اور چیف آپریٹنگ آفیسر سول ایوی ایشن نذیر احمد خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ حکومتی اور باالخصوص وفاقی وزیر مذہبی امور کی خصوصی ہدایات پر حجاج کرام کو سفر کے دوران بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر سیرین ایئر لائن عبدالباسط بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More