وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال چین اور پاکستان کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں کے حوالے سے بیجنگ پہنچ گئے

اے پی پی  |  May 08, 2024

بیجنگ۔8مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال بدھ کو چین اور پاکستان کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں کے حوالے سے بیجنگ پہنچ گئے۔ وفاقی وزیر کے ہمراہ سفیر سید طارق فاطمی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور بھی ہے۔

وفاقی وزیر نے کئی اہم ملاقاتیں کیں جن میں چینی وزارت خارجہ، چائنا ایکسپورٹ اینڈ کریڈٹ انشورنس کارپوریشن (SINOSURE) اور چائنا ڈویلپمنٹ بینک شامل ہیں۔ ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔ چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ کے ساتھ اپنی ملاقات میں وفاقی وزیر نے وسیع پیمانے پر بات چیت کی جس کا مقصد ‘آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ’ کو مزید مستحکم کرنا تھا۔ بات چیت میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) کے پہلے عشرے کے کامیاب اختتام اور اس کی دوسری دہائی میں حاصل ہونے والی پیشرفت کا جائزہ بھی شامل تھا۔

چینی نائب وزیر اعظم ہی لائفنگ کی طرف سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں مسٹر سی پیک کہا اور 5-E کے فریم ورک یعنی ایکسپورٹ، انرجی، ایکویٹی، ای پاکستان اور ماحولیات کو نوٹ کیا، جس کا تصور حکومت پاکستان نے ان پانچ راہداریوں پر عملدرآمد کے لئے کیا تھا۔ سی پیک کے تحت دونوں فریقین نے پاکستان میں ML-I، KKH کی دوبارہ ترتیب اور دیگر اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے جلد نفاذ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر نے سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، سی پیک فیز II کے تحت آئی ٹی، زراعت کی جدید کاری، ٹیکسٹائل، معدنیات اور قابل تجدید توانائی جیسے ترجیحی شعبوں میں مستقبل کے تعاون کا خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے سی پیک کو بی آر آئی کا فلیگ شپ پروجیکٹ بنانے کے لئے چین کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ سی پیک نے پاکستان کی توانائی اور لاجسٹک انفراسٹرکچر کو جدید بنانے میں مدد کی ہے۔

انہوں نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کے لئے زیادہ سے زیادہ بزنس ٹو بزنس روابط کی ضرورت پر روشنی ڈالی جس کے لئے پاکستانی تاجروں کو ویزوں کے اجرا میں سہولت فراہم کی جانی چاہئے۔ انہوں نے ML-1 پشاور-کراچی ریلوے مین لائن منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور دیا،ل، دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کے شہریوں کے لئے ویزا کی سہولت کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا، جسے بی ٹو بی تعاون کو مضبوط کرنے کے لئے مرکزی حیثیت سے بھی اجاگر کیا گیا۔ اجلاس نئے دور میں مشترکہ مستقبل کی چین پاکستان کمیونٹی کو فروغ دینے کے مقصد کے ساتھ دونوں فریقوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو جاری رکھنے کے مشترکہ عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ بعد ازاں پروفیسر احسن اقبال نے چینی مالیاتی اداروں کی قیادت سے بھی ملاقات کی جن میں چائنا ایکسپورٹ اینڈ کریڈٹ انشورنس کارپوریشن (SINOSURE) کے صدر شینگ ہیتائی بھی شامل ہیں اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا جس میں پن بجلی کے منصوبوں کی جلد تکمیل بھی شامل ہے، جیسا کہ آزاد پتن اور کوہالہ۔ دونوں فریقوں نے مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ مقصد کو حاصل کرنے پر اتفاق کیا۔

وفاقی وزیر نے چائنہ ڈویلپمنٹ بینک (سی ڈی بی) کے صدر تان جیونگ سے بھی ملاقات کی۔ چین اور پاکستان کے درمیان گہری دوستی کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور سی پی ای سی کو کامیاب بنانے میں سی ڈی بی کے تعاون کا اعتراف کیا۔ دونوں فریقین نے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں بالخصوص انفراسٹرکچر، قابل تجدید توانائی اور صنعتی شعبوں میں سی ڈی بی کی معاونت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ صدر سی ڈی بی نے وفاقی وزیر کو ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے حکومت پاکستان کی کوششوں کے لئے بینک کی جانب سے مسلسل تعاون کا یقین دلایا۔ وفاقی وزیر نے صدر سی ڈی بی کو ملک میں سی پیک کے کئی اہم منصوبوں کی کامیابی کا مشاہدہ کرنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More