اقوام متحدہ کے زیر اہتمام پاکستان سمیت دنیا بھر میں عجائب گھروں کا عالمی دن 18 مئی کو منایا جائے گا

اے پی پی  |  May 05, 2024

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):اقوام متحدہ کے زیر اہتمام پاکستان سمیت دنیا بھر میں عجائب گھروں کا عالمی دن 18 مئی کو منایا جائے گا۔ اس دن کے منانے کا مقصد سیکھنے ، علم حاصل کرنےاور ثقافت کی ترقی سے استفادہ ہے۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ ( یونیسکو )نے 18 مئی کو عجائب گھروں کے بین الاقوامی دن کے طور پر نامزد کیا ہے تاکہ خوبصورتی ، ثقافت اور تاریخ کے تحفظ میں عجائب گھروں کے کردار کو اجاگر کیا جا سکے۔ عجائب گھر دانشورانہ ترقی اور ثقافتی تفہیم کے اہم مراکز میں شمار ہوتے ہیں،انسانیت کے مشترکہ ورثے کا حصہ ہیں ۔

عجائب گھروں کو مسلح تصادم کے اوقات میں خصوصی تحفظ کی ضرورت ہوتی ہے۔ روسی شہری نکولس روئیرچ نے 1920 کی دہائی میں عجائب گھروں اور تاریخی و ثقافتی ورثہ کو محفوظ بنانے کے حوالہ سے بینر آف پیس کے قیام کے لیے فنکاروں اور دانشوروں کو متحرک کیا۔دوسری جنگ عظیم کے بعد یونیسکو نے کوشش جاری رکھی اور مسلح تنازعات کے اوقات میں ثقافتی اور تعلیمی اداروں کے تحفظ پر اضافی کنونشنز بھی منعقد ہوئے اور سب سے اہم 1954 کا ہیگ کنکشن تھا جو مسلح تصادم کی صورت میں ثقافتی املاک کے تحفظ سے متعلق ہے۔

واضح رہے کہ عجائب گھر (میوزیم )خوبصورتی اور ہم آہنگی جیسی اقدار کے ذریعے قوموں ، نسلی گروہوں اور برادریوں کے درمیان نئے روابط کی تعمیر میں مدد کرتے ہیں جو مشترکہ حوالوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ میوزیم ماضی ، حال اور مستقبل کی نسلوں کے درمیان رابطے بھی قائم کرتے ہیں ۔ عجائب گھروں کے عالمی دن کی مناسبت سے ملک بھر میں سرکاری اور نجی اداروں کے زیر انتظام مختلف پروگرامز اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ عام آدمی کو عجائب گھروں کی اہمیت سے روشناس کرانے کے ساتھ ساتھ تاریخی و ثقافتی ورثہ کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More