دپیکا پاڈوکون کا مداح جو ’سی اے‘ کی کلاسز چھوڑ کر اُن سے ملنے جاتا تھا

اردو نیوز  |  May 02, 2024

بالی وُڈ کی سپرسٹار دپیکا پاڈوکون کے دنیا بھر میں لاکھوں چاہنے والے ہیں جو اپنی پسندیدہ اداکارہ کی ایک جھلک دیکھنے اور اُن سے ملنے کے لیے بے تاب رہتے ہیں۔

اسی حوالے سے بالی وڈ کی اداکارہ ملائکہ اروڑا کے بیٹے ارہان خان کی پوڈکاسٹ میں دپیکا پاڈوکون کے ایک مداح نے انکشاف کیا کہ وہ ’سی اے‘ کی کلاسز چھوڑ کر اداکارہ سے ملنے چلے جاتے تھے۔

انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ارہان خان کی پوڈکاسٹ ’ڈم بریانی‘ میں ممبئی کی پاپارازی (شوبز فوٹوگرافی) انڈسٹری کے شعبے سے منسلک سنہے زالا نامی فوٹوگرافر بطور مہمان شریک ہوئے۔

دوران پوڈکاسٹ سنہے زالا نے انکشاف کیا کہ وہ اپنی سی اے کی کلاسز چھوڑ کر دپیکا پاڈوکون سے ملنے چلے جاتے تھے۔

سنہے زالا کہتے ہیں کہ ’آج تک میں دپیکا کا بہت بڑا مداح ہوں۔ انڈسٹری میں اس بات کا سب کو علم ہے۔ سب (انڈسٹری میں) مجھے دپیکا کا بیٹا کہہ کر بلاتے ہیں تو مجھے ایک مرتبہ تو اُن سے ملنا ہی تھا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں (دپیکا کے) فین ایونٹس کی خبر رکھتا تھا۔ میں سی اے کی کلاسز چھوڑ کر چلا جاتا تھا۔ سی اے کی کلاسز ’بنک کرنا‘ بہت بڑی بات ہوتی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں ایک مرتبہ دپیکا سے ملنے اور تصویریں کھینچنے کے لیے ایئرپورٹ گیا۔ میں اُن سے ایک مرتبہ اور بھی ملا۔ میں سی اے کے ٹیسٹ میں فیل ہوگیا لیکن میں دپیکا سے ملنے میں کامیاب ہوگیا۔‘ 

دپیکا پاڈوکون کو آخری مرتبہ فلم ’فائٹر‘ میں بڑے پردے پر دیکھا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

اس بات پر ارہان خان نے کہا کہ ’آپ زندگی میں کامیاب ہوگئے لیکن امتحان میں فیل ہوگئے۔‘

خیال رہے کہ دپیکا پاڈوکون کو آخری مرتبہ فلم ’فائٹر‘ میں بڑے پردے پر دیکھا گیا تھا تاہم اداکارہ حالیہ دنوں میں کافی مصروف ہیں۔

دپیکا پاڈوکون کے مداح انہیں جون میں ریلیز ہونے والی نئی فلم ’کالکی 2898 اے ڈی‘ میں پربھاس، امیتابھ بچن اور کمال حسن کے ساتھ دیکھ سکیں گے۔

اس کے علاوہ اداکارہ مشہور ’سنگھم‘ سیریز کی فلم ’سنگھم اگین‘ میں بھی اداکاری کا جلوہ دکھائیں گی جبکہ وہ امیتابھ بچن کے ساتھ مشہور ہالی وُڈ فلم ’دی اینٹرن‘ کے ہندی ریمیک میں بھی کام کریں گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More