سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق قانون سازی پر کام کر رہے ہیں، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ

اردو نیوز  |  Apr 27, 2024

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق قانون سازی پر کام کر رہے ہیں اور صارفین کے رویے پر مزید پالیسی گائیڈ لائنز متعارف کروائیں گے۔

سنیچر کو معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کی یاد میں دو روزہ کانفرنس سے خطاب میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سوشل میڈیا بندش کا مسئلہ صرف پاکستان میں نہیں بلکہ امریکہ، کینیڈا اور آسٹریلیا میں بھی سوشل میڈیا کے مسائل موجود ہیں۔

انہوں نے مسلم لیگ ن کی اتحادی حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’گزشتہ حکومت نے سوشل میڈیا کے حوالے سے ایک کمیٹی بھی بنائی تھی۔ اس حوالے سے ہم نے ایک پالیسی بنائی جو تقریباً 90/95 فیصد سٹیک ہولڈرز کو قابل قبول تھی لیکن پھر نگراں حکومت آگئی جس کی وجہ سے اس پر قانون سازی نہیں ہوئی.‘

وزیر قانون نے مزید کہا کہ میٹا اور دیگر سوشل میڈیا پیلٹ فارمز کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں اور ان کا مؤقف بھی سن رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا سے متعلق پالیسی پر دوبارہ کام شروع کر دیا ہے اور صارفین کے رویے پر بھی مزید پالیسی گائیڈ لائنز لا رہے ہیں۔

لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں عاصمہ جہانگیر کی یاد میں ہونے والی کانفرنس کا عنوان ’پیپلز مینڈیٹ، جنوبی ایشیا میں شہری حقوق کا تحفظ‘ ہے۔ کانفرنس میں ججز، قانونی ماہرین، سفارت کار، میڈیا کے نمائندے، انسانی حقوق کے کارکنان، ملکی اور غیر ملکی وکلاء، مندوبین سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی سپریم کورٹ کے جج سید منصور علی شاہ تھے۔ مختلف مقررین نے کانفرنس سے خطاب میں پاکستان میں انصاف کی فراہمی بالخصوص سوشل میڈیا کی بندش کی پاداش میں انسانی حقوق کی پامالی کا ذکر کیا۔

وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے اپنے خطاب میں مقررین کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل پر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک بھی ڈیجیٹل رائٹس پر کام کر ریے ہیں کہ کیسے سوشل میڈیا کے حدود کا تعین کیا جائے، کیسے لوگوں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکا جائے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More