سکیورٹی فورسز کا ضلع بنیر میں آپریشن، مطلوب دہشت گرد سلیم عرف ربانی ہلاک

اردو نیوز  |  Apr 13, 2024

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنیر میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن میں مطلوب دہشت گرد سلیم عرف ربانی مارا گیا ہے جبکہ فوج کے دو جوان بھی اپنی جان سے گئے۔

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے سنیچر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دہشت گرد گروہ کے سربراہ سلیم عرف ربانی کو مار دیا گیا ہے جو سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد سلیم عرف ربانی شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں بھی ملوث تھا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس کی تلاش تھی اور حکومت نے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کی ہوئی تھی۔

ضلع بنیر میں ہونے والے اس آپریشن میں دو دہشت گرد بھی زخمی ہوئے ہیں۔

دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے پاکستان فوج کے دو جوان لانس حوالدار مدثر محمود اور لانس نائیک حسیب جاوید جان سے گئے۔ 

36 سالہ لانس حوالدار مدثر محمود کا تعلق ضلع راولپنڈی سے تھا جبکہ 27 سالہ لانس نائیک حسیب جاوید ضلع پونچھ کے رہائشی تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی اور خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More