بلاول بھٹو زرداری کی پاکستانی قوم سمیت پوری امتِ مسلمہ کو عید الفطر کی مبارک

اے پی پی  |  Apr 10, 2024

لاڑکانہ۔10اپریل (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستانی قوم سمیت پوری امتِ مسلمہ کو مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر بھائی چارے، روا داری، امن اور بقائے باہمی کی علامت ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے عید الفطر کے موقع پر قوم کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عید کی برکتیں و خوشیاں معاشرے کے کمزور و نادار طبقات کا خیال رکھے بغیر حاصل نہیں ہوتیں،ملک کو درپیش حالات میں ہمیں ایک دوسرے کو اختلافات کے باوجود گلے لگانا ہے، نفرت، تعصب، فرقہ پرستی اور دہشت گردی اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کے دن وطن عزیز کی خاطر جانیں قربان کرنے والے جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، وطن پر جان نچھاور کرنے والوں کے خاندانوں سے بھی ایک بار پھر اظہار یکجہتی کرتا ہوں، مقبوضہ کشمیر اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے لیے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پوری امتِ مسلمہ عید کے موقع پر کشمیر اور غزہ کے اپنے مظلوم بھائیوں و بہنوں کی آزادی کے لیے دعا گو ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More