خیبر پختونخوا کی حکومت کا پنجاب حکومت کو خط، بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی درخواست

اردو نیوز  |  Apr 03, 2024

خیبر پختونخوا کی حکومت نے اپنے ڈاکٹروں پر مشتمل پینل کے ذریعے پنجاب حکومت سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی درخواست کی ہے۔وزیر صحت خیبر پختونخوا نے بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے رابطہ کیا ہے۔

اس حوالے سے وزیر صحت خیبر پختونخوا سید قاسم علی شاہ نے بدھ کو چیف سیکرٹری پنجاب کے نام ایک خط تحریر کیا ہے۔خط میں صوبائی وزیر صحت نے بشریٰ بی بی کو مبینہ طور پر زہریلی خوراک کھلائے جانے سے متعلق خبروں پر اپنی تشویش ظاہر کی ہے۔صوبائی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ ’خیبر پختونخوا حکومت اپنے ڈاکٹروں پر مشتمل پینل کے ذریعے بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کرنا چاہتی ہے۔‘ ’ڈاکٹروں پر مُشتمل پینل بشریٰ بی بی کا تفصیلی معائنہ کرے گا تاکہ زہریلی خوراک کی فراہمی کی تصدیق یا تردید ہوسکے۔‘سید قاسم علی شاہ نے خط میں مزید کہا کہ ’طبی معائنہ اور صحت کی خدمات تک رسائی ہر انسان کا بنیادی آئینی حق ہے۔‘وزیر صحت خیبر پختونخوا نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومتِ پنجاب اس خط کا مثبت جواب دے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More