سپریم کورٹ کا 7 رکنی لارجر بنچ اسلام آباد ہائی کورٹ ججز خط از خود نوٹس کیس پر (کل ) سماعت کرے گا

اے پی پی  |  Apr 02, 2024

اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا سات رکنی لارجر بنچ (کل)بدھ 3 اپریل 2024ء کو عدلیہ میں مبینہ مداخلت کے معاملہ پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کی جانب سے لکھے گئے خط پر از خود نوٹس کیس کی سماعت کرے گا۔

لارجر بینچ میں جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اختر افغان شامل ہیں۔ واضح رہے کہ 26 مارچ 2024ء کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل کے اراکین کو ایک خط لکھا گیا تھا، جس میں مبینہ طور پر ججوں کے رشتہ داروں کے اغوا، تشدد اور رہائش گاہوں میں خفیہ نگرانی کے ذریعہ دباؤ ڈالنے کی کوششوں کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

یہ خط اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز کے دستخطوں سے لکھا گیا۔ خط میں درج مبینہ الزامات پر سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لیتے ہوئے سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More