بالاج ٹیپو قتل کے ملزم اشتہاری قرار، ’پولیس تعاقب میں بیرون ملک بھی جائے گی‘

اردو نیوز  |  Mar 30, 2024

لاہور میں فائرنگ کا نشانہ بننے والے بالاج ٹیپو کے قتل کے ملزموں طیفی بٹ، گوگی بٹ اور بلاول کو اشتہاری قرار دے دیا گیا ہے۔

مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ایس پی آرگنائزڈ کرائم آفتاب پھلروان نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔

ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم عمران کشور کا کہنا ہے کہ اگلے چند روز میں طیفی بٹ کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ٹیم بیرون ملک جائے گی اور وہاں کی پولیس نے بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

گوگی بٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں ہی روپوش ہیں اور دونوں کو عدالت اشتہاری قرار دے چکی ہے۔

عمران کشور نے یہ بھی کہا کہ ملزموں کی لاہور میں موجود جائیداد کی قرقری کے احکامات بھی حاصل کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بالاج قتل کیس کی تفتیش تقریباً مکمل ہو چکی ہے اور اس کے تمام تانے بانے طیفی بٹ سے ملتے ہیں۔

 خیال رہے بالاج ٹیپو کو 18 فروری کو اس وقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا جب وہ چوہنگ کے علاقے میں شادی کی ایک تقریب میں شریک تھے۔

بالاج ٹیپو لاہور کے انڈر ورلڈ کے سابق ڈان ٹیپو ٹرکوں والے کے بیٹے تھے۔ ان کے والد کو بھی سنہ 2010 میں لاہور ایئرپورٹ کی پارکنگ میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔ بالاج شادی کی ایک تقریب میں اپنے گن مینوں کے ہمراہ موجود تھے کہ اس دوران ایک حملہ آور نے ان پر فائرنگ کر دی۔

فائرنگ سے دو افراد زخمی بھی ہوئے تھے جبکہ بالاج ٹیپو کے گن مین کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More