وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی برسلز میں چین کے نائب وزیر اعظم ژانگ گوچنگ سے ملاقات

اے پی پی  |  Mar 22, 2024

برسلز۔22مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے جوہری توانائی کے پہلے سربراہ اجلاس کے موقع پر برسلز میں چین کے نائب وزیر اعظم ژانگ گوچنگ سے ملاقات کی۔

جمعہ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور چین کے نائب وزیر اعظم ژانگ گوچنگ نے پاکستان۔چین آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ اور مضبوط دوستی کو مثالی اور منفرد تعلقات کے طور پر سراہا۔ انہوں نے سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی میں پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تعاون کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ون چائنا پالیسی کے لیے پاکستان کی دیرینہ حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ چین کے ساتھ تعلقات پر پاکستان میں مکمل اتفاق رائے ہے اور سی پیک کے فیز 2 کے لیے پاکستان مضبوط عزم رکھتا ہے۔

اس موقع پر چینی نائب وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین پاکستان کی مالی صورتحال کو مستحکم کرنے میں مدد کرے گا۔ انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبہ (سی پیک) کو اپ گریڈ کرنے ،صنعت، کان کنی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لیے چینی آمادگی کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More