برطانیہ اور آسٹریلیا نے نئے دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیئے

اے پی پی  |  Mar 21, 2024

کینبرا ۔21مارچ (اے پی پی):آسٹریلیا اور برطانیہ نے نئے اور اہم دفاعی اور سیکورٹی تعاون کے معاہدے پر دستخط کر دیئے ۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آسٹریلوی وزیر دفاع رچرڈ مارلس نے گزشتہ روز آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا میں برطانوی ہم منصب گرانٹ شیپس کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت فوجیوں کے تبادلے اور ملٹری انٹیلی جنس شیئر کرنا آسان ہو گا۔ یہ معاہدہ ایک مکمل باہمی دفاعی معاہدہ ہے جو ایک فریق کو پابند کرے گا کہ اگر دوسرے پر حملہ کیا گیا تو وہ مداخلت کرے۔ اس معاہدے میں ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لئے صلاح و مشورہ کرنے کا عزم شامل ہے اور یہ معاہدہ دونوں ممالک کی افواج کو ایک دوسرے کے ملک میں مل کر آپریٹ کرنے کو آسان بناتا ہے۔

برطانوی وزیر دفاع گرانٹ شیپس نے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ اور آسٹریلیا کے درمیان اس طرح کا غیر معمولی دفاعی تعاون کا معاہدہ اس سے پہلے کبھی نہیں کیا گیا۔ آسٹریلوی وزیر دفاع رچرڈ مارلس نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کی دفاعی افواج کے درمیان بڑھتی ہوئے روابط کی عکاسی ہے اور ہمارے ساتھ مل کر کام کرنے کی صلاحیت کو بہت حد تک ہموار کرے گا۔برطانوی وزیر دفاع نے کہا کہ ان کے خیال میں سب سے اہم عناصر میں سے ایک یہ ہے کہ یہ ایک میکانزم کی وضاحت کرتا ہے جس کے ذریعےدونوں ممالک کو درپیش خطرے کی صورت میں ہم ایک دوسرے سے مشورہ کریں۔ برطانیہ اور آسٹریلیانے علاقائی خطرات تنازعات کی طرف بڑھنے کی صورت میں ایک دوسرے سے مشورہ کرنے کا عہد کیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More