سڈنی۔21مارچ (اے پی پی):آسٹریلیا نے کہا ہے کہ ملک میں کریڈٹ کارڈ کے فراڈ میں اضافہ ہورہا ہے ،23۔2022کے دوران کریڈٹ کارڈ کا فراڈ کرنے والوں نے آسٹریلوی شہریوں سے اربوں ڈالر ہتھیا لئے۔شنہوا نے آسٹریلیا کے ادارہ برائے شماریات (اے بی ایس) کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ 2023 کے دوران 15 سال یا اس سے زائد عمر کے 18 لاکھ افراد اس کا شکار ہوئے،اس عرصے کے دوران شہریوں کو 2.2 ارب آسٹریلین ڈالر (1.4 ارب امریکی ڈالر) کا نقصان اٹھانا پڑا۔ان متاثرین میں سے ایک تہائی کا نقصان 100 آسٹریلوی ڈالر سے کم جبکہ 17.8 فیصد کو 1000 آسٹریلوی ڈالر سے زیادہ نقصان برداشت کرنا پڑا،تاہم سب متاثرین کا اوسط نقصان 200 آسٹریلوی ڈالر رہا۔رپورٹ میں بتایا گیا23۔2022کے دوران کریڈٹ کارڈ کا شکار ہونے والے 18 لاکھ افراد 15 سال سے زائد عمر آبادی کا 8.7 فیصد ہیں،اس درجے کے متاثرین کی تعداد ایک سال قبل 8.1 فیصد اور اس سے پیوستہ سال 6.9 فیصد رہی تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق 45-54 سال کی عمر کے لوگوں میں کارڈ فراڈ کا شکار ہونے کی شرح سب سے زیادہ 11.5 فیصد تھی، اس کے بعد 35-44 اور 55-64 سال کی عمر کے افراد تھے۔ 15-24 سال کی عمر کے لوگوں میں کارڈ فراڈ کی شرح 3.9 فیصد رہی۔کریڈٹ کارڈ فراڈ سے مراد کسی بھی شخص کے اے ٹی ایم کارڈ کا اس کی اجازت کے بغیر استعمال کرتے ہوئے اس کی مدد سے رقم نکلوانا یا کسی اور اکائونٹ میں منتقل کرنا ہے۔ رقوم کی آن لائن ٹرانسفر کرنے والے صارفین کے ذاتی ڈیٹا تک رسائی حاصل کر کے ان کے اکائونٹس سے رقوم کی منتقلی بھی کریڈٹ کارڈ فراڈ کے ذمرے میں آتی ہے۔