سپریم کورٹ کے مستعفی جج مظاہر اکبر نقوی برطرف، نوٹیفکیشن جاری

اردو نیوز  |  Mar 20, 2024

صدر مملکت آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ کے مستعفی جج مظاہر نقوی کو برطرف کرنے کی منظوری دے دی۔

بدھ کو وزارت قانون نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق جج مظاہر نقوی کی برطرفی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل نے مظاہر نقوی کو جوڈیشل مِس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دیا تھا۔

مظاہر نقوی کے بطور جج مستعفی ہونے کا نوٹیفکیشن بھی واپس لے لیا گیا ہے۔

رواں ماہ سپریم جوڈیشل کونسل نےمظاہر نقوی کو برطرف کرنےکی سفارش کر تے ہوئے اپنی رائے منظوری کے لیے صدر مملکت کو بھجوائی تھی۔

اس حوالے سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ سپریم جوڈیشل کونسل نے مظاہر نقوی کے خلاف 9 شکایات کا جائزہ لیا۔

ان شکایات کا جائزہ آئین کےآرٹیکل 206 کی شق (6) کے تحت لیا گیا۔

مظاہر نقوی ان شکایات میں مس کنڈکٹ کےمرتکب پائے گئے جس کے باعث انہیں جج کے عہدے سے ہٹا دینا چاہیے تھا۔

جسٹس مظاہر نقوی نے اپنے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت کی کارروائی کے دوران جنوری میں استعفیٰ دے دیا تھا۔

صدر مملکت کو ارسال کردہ خط میں انہوں نے کہا کہ پہلے لاہور ہائی کورٹ اور پھر سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کے طور پر تعینات ہونا اور خدمات انجام دینا اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی معلومات اور کسی حد تک عوامی ریکارڈ کا معاملہ ہونے کی وجہ سے ایسے حالات میں میرے لیے اب سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کے طور پر خدمات جاری رکھنا ممکن نہیں ہے۔

اپنے استعفے میں انہوں نے لکھا کہ ’ڈیو پروسس‘ کی سوچ بھی اس فیصلے پر مجبور کرتی ہے، اس لیے میں آج سے سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کے عہدے سے مستعفی ہو رہا ہوں۔

اس سے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے جسٹس مظاہر نقوی کی سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی روکنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More