انڈوں کا سالن کیوں نہیں بنایا؟ نئی دہلی میں بوائے فرینڈ کے ہاتھوں خاتون قتل

اردو نیوز  |  Mar 19, 2024

انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں انڈوں کا سالن نہ بنانے پر ایک شخص نے اپنی محبوبہ کو ہتھوڑی اور اینٹ مار کر قتل کر دیا۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سنیچر کو نئی دہلی کے علاقے سرائے کالے خان سے 35 برس کے شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس نے پالم ویہار کے سیکٹر ون میں زیرِ تعمیر گھر میں اپنی محبوبہ کو اینٹ اور ہتھوڑی مار کر قتل کیا۔

پولیس کے مطابق اس شخص نے اپنی محبوبہ کو انڈوں کا سالن نہ بنانے پر قتل کیا۔

پالم ویہار کے اسسٹنٹ کمشنر پولیس نوین شرما نے بتایا کہ ملزم کا نام للن یادو ہے جس کا تعلق بہار کے علاقے مدھوبانی سے ہے جبکہ مقتولہ کا نام انجلی تھا جس کی عمر 32 برس تھی۔

اسسٹنٹ کمشنر پولیس نوین شرما نے مزید بتایا کہ ’للن یادو کی اہلیہ چھ ماہ قبل سانپ کے کاٹنے سے چل بسی جس کے بعد وہ اپنے گھر والوں سے جھگڑا کر کے دہلی آگیا جہاں اُس کی ملاقات انجلی سے ہوئی۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’انجلی اور للن دونوں ایک ساتھ رہنے لگ پڑے اور پھر 10 مارچ کو گروگرام آ کر بلڈنگ میں کام کرنے لگ پڑے۔‘

پولیس کے مطابق منگل کو نشے کی حالت میں دھت ہو کر ملزم نے اپنی محبوبہ کو انڈوں کا سالن بنانے کو کہا۔

نوین شرما نے اس بارے میں مزید بتایا کہ ’انجلی نے انڈوں کا سالن بنانے سے انکار کر دیا جس کے بعد دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا اور ملزم نے خاتون کو ہتھوڑی، بیلٹ اور اینٹ مار کر قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More