مریم نواز کی ’بروقت مداخلت‘، ملیکہ بخاری کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

اردو نیوز  |  Mar 18, 2024

وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز کی معاونت سے پاکستان تحریک انصاف کی سابق رکن اسمبلی ملیکہ بخاری کو بیرون جانے کی اجازت مل گئی ہے۔

ملیکہ بخاری نے سنیچر کو ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ انہوں نے آسٹریلیا اپنی بیمار بڑی بہن سے ملنے جانا ہے تاہم گزشتہ ایک سال سے ان کا نام نو فلائی لسٹ میں ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا تھا کہ ان کی بڑی بہن وینٹیلیٹر پر ہیں اور وہ زندگی کی جنگ لڑ رہی ہیں اور ان کے پاس صرف 24 گھنٹے کا وقت ہے۔

مریم نواز نے ان کے پوسٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ متعلقہ حکام سے بات کریں گی، امید ہے کہ آپ نے اس سلسلے میں درخواست دی ہو گی۔

بعدازاں بیرون ملک اجازت ملنے پر ملیکہ بخاری نے مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔

’آپ کی بروقت مداخلت کا شکریہ، مجھے اطلاع دی گئی ہے کہ میرا نام نو فلائی لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔‘

9 مئی کے واقعات کے بعد حکومت کی جانب سے کریک ڈاؤن کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے دیگر کارکنان سمیت ملیکہ بخاری کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

تاہم 25 مئی کو اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملیکہ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا تھا۔

انہوں نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More