روس جوہری جنگ کے لیے تیار ہے: صدر پوتن کی مغرب کو دھمکی

اردو نیوز  |  Mar 13, 2024

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے مغربی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ روس تکنیکی طور پر جوہری جنگ کے لیے تیار ہے اور اگر امریکہ نے یوکرین میں فوج بھیجی تو اسے کشیدگی میں نمایاں اضافہ تصور کیا جائے گا۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق صدر پوتن نے 15 سے 17 مارچ تک ہونے والے انتخابات سے چند دن قبل بات کرتے ہوئے کہا کہ جوہری جنگ کے لیے جلد بازی نہیں کی جا رہی اور انہیں یوکرین میں جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی کوئی ضرورت نظر نہیں آتی۔ٹی وی چینل روسیا 1 اور نیوز ایجنسی آر آئی اے کو انٹرویو میں جب 71 سالہ روسی صدرسے یہ پوچھا گیا کہ کیا ملک واقعی جوہری جنگ کے لیے تیار ہے؟ تو ان کا کہنا تھا کہ ’فوجی تکنیکی نقطہ نظر سے ہم یقیناً تیار ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ امریکہ یہ بات سمجھتا ہے کہ اگر اس نے امریکی فوجیوں کو روسی سرزمین پر یا یوکرین میں تعینات کیا تو روس اس اقدام کو مداخلت سمجھے گا۔

’(امریکہ میں) روسی-امریکی تعلقات کے میدان اور سٹریٹجک میدان میں کافی ماہرین موجود ہیں۔ اس لیے میں نہیں سمجھتا کہ یہاں سب کچھ اس (جوہری تصادم) کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے لیکن ہم اس کے لیے تیار ہیں۔‘

ولادیمیر پوتن کا جوہری انتباہ اُس وقت سامنے آیا ہے جب یوکرین جنگ کے حوالے سے مذاکرات کی ایک اور پیشکش کی گئی ہے۔

امریکہ نے کہا تھا کہ ولادیمیر پوتن یوکرین پر سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہیں۔

روسی صدر نے متعدد بار خبردار کیا ہے کہ اگر مغرب نے یوکرین میں لڑنے کے لیے فوج بھیجی تو اس سے جوہری جنگ کا خدشہ بڑھے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More